• news

آئندہ الیکشن بھی ہمارا ، عوام کو ملیا میٹ کردینگے: نواز شریف

ہری پور(نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین نے ہمیشہ الزامات اور گالیوں کی سیاست کی، انہوں نے عمران پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والوں کے پاس کچھ نہیں اور تین دن پہلے ان کی اوقات دیکھ لی۔ نواز شریف نے کہا کہ میں طاہر القادری نہیں کو تار سے نکلنے والے پٹاخے سے ڈر جاﺅں، مجھے میری خدمت کا درست صلہ نہیں دیا گیا، جھوٹے وعدے کرنیوالے لاڈلے نے اپنے صوبے میں کونسے ترقیاتی کام کروائے لاہور میں ایک دوسرے کو گالیاں دینے والے اکٹھے ہوئے لاہوریوں کو شاباش دیتے ہیں انہوں نے مخالفین کو ان کا اصل چہرہ دکھایا۔ ہری پور میں جلسے سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ ہری پور والو یہ تمہارا صوبہ نہیں ہمارا بھی ہے آپ کے صوبے میں نیا پاکستان بنانے والوں کے پلے کچھ نہیں ہے تین دن پہلے ہم نے ان کی اوقات دیکھ لی، مجھے 2018 میں مسلم لیگ ن جیتتی نظر آرہی ہے ہری پور والو یہاں پر بھی پی ایم ایل نظر آنی چاہیے ملک کے کونے کونے میں مسلم لیگ ن ہی نظر آئے گی ہم ان سازشوں کو ہمیشہ کے لیے ملیامیٹ کر دیں گے نواز شریف نے کہا کہ ہم نے ترقی کے جتنے بھی کام کیے، دھرنوں کے باوجود کیے، انہوں نے چار سال میں سوا گالی گلوچ بہتان تراشی اور دھرنوں کے کوئی کام نہیں کیا، مجھے بتاﺅ خیبر پی کے میں کتنے سکول، ہسپتال، یونیورسٹیاں بنائی ہیں سکول بنانے کی بجائے بند کر دیے ہیں اور کہتے ہیں دو ارب پودے لگائیں گے دو ارب تو چھوڑو صرف دو سو درخت بتاﺅ کہاں لگائے، یہ شخص کہتا رہا کہ اوئے آئی جی آوئے چیف سیکرٹری تمہیں جیل بھیج دوں گا اللہ نے چاہا تو تم جیل جاﺅ گے نیا پاکستان بنانے والے لاڈلے سن لو خلق خُدا تمہارے بارے میں کیا کہتی ہے لاڈلے آپ نے ہمیشہ گالیوں کی سیاست کی ہے تم نے خیبر پی کے میں کیا کیا۔ صوبے میں حکومت تمہاری ہے موٹروے نواز شریف بنا رہا ہے عمران نے اقبال جرم کیا نیازی سروسز لاکھوں پاﺅنڈ اسکے ہیں کہا گیا نیازی صاحب یہ آپ نہیں کوئی اور نیازی ہے جس کی کمپنی ہے نیازی سب مانتا ہے اسے کہا جاتا ہے کہ یہ تم نہیں یہ بھی نواز شریف ہے، نوازشریف کو صرف ایک اقامے پر نکال دیا تم نااہل ہو، عوام بتائیں کیا میں نااہل ہوگیا ہوں، عوام بتائیں انہیں یہ فیصلہ منظور ہے یا نا منظور، یہ عوامی ریفرنڈم ہے۔نوازشریف نے کہا کہ آپ نے گھبرانا نہیں، آپ نے نوازشریف کی ڈیوٹی لگائی تھی کہ لوڈشیڈنگ ختم ہونی چاہیے، عوام بتائیں لوڈشیڈنگ ختم ہوئی یا نہیں، یہ کوئی چھوٹی بات نہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسمبلیوں پر لعنت بھیج رہے ہیں، جس تھالی میں کھاتا ہے اسی میں چھید کرتا ہے، اسی اسمبلی کو لعنت بھیجتا ہے جس کے لیے الیکشن لڑتا ہے، جہاں سے یہ تنخواہ لیتا ہے، جہاں سے اسے شکست ہوتی ہے، اس آدمی نے چار سال میں ہر ایک کو گالی دی، قومی اخلاق کو بگاڑ کر رکھ دیا، ہمیں ایسا کوئی سیاستدان منظور نہیں۔ نوازشریف نے عمران اہلی کیس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں سے پوچھو جنہوں نے کہا یہ صادق اور امین ہے۔ سلام پیش کرتا ہوں ان معزز ججوں کو جنہوں نے اسے صادق و امین قرار دیا، اس نے اقبال جرم کیا لیکن کہا گیا کہ نیازی صاحب یہ جو آپ کہہ رہے ہیں یہ ٹھیک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ عوام نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا اور پانچ ججوں نے وزیراعظم ہاﺅس سے اٹھا کر باہر پھینک دیا، اگر ایک روپیہ بھی کھایا ہو تو نوازشریف حاضر ہے، اگر نوازشریف نے قوم کی امانت میں خیانت نہیں کی تو آپ کو اپنا فیصلہ واپس لینا ہوگا، الیکشن میں یہ ریفرنڈم ہوگا۔میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ آپ کے ووٹ کو پاﺅں کے نیچے روند دیا جاتا ہے، ووٹ کی پرچی کو پھاڑ کر پھینک دیا جاتا ہے، ووٹ کا کوئی احترام نہیں ہوتا، عوام جسے لاتے ہیں اسے وہی لے جائیں گے، کسی میں یہ دم نہیں ہونا چاہیے کہ عوامی فیصلے کو روندے، یہ ہمیں منظور نہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ انصاف کے دوہرے معیار نہیں ہوں گے، دو ترازو نہیں ہوں گے، سب کے لیے ایک قانون اور برابر کا سلوک ہوگا۔ سازشوں کو ہمیشہ کے لیے ملیا میٹ کردیں گے۔ میری نا اہلی کا فیصلہ عوام 2018میں واپس لے لے گی۔ عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت کو مسترد کرنے کا اختیار عوام کو حاصل ہے، اگر نواز شریف نے کرپشن نہیں کی اور ہمیشہ عوام کے پیسے کو عوام کا پیسہ سمجھا تو پاناما پر فیصلہ دینے والوں کو اپنا فیصلے کو بدلنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کی ذمہ داری لوں گا تنخواہ دار طبقے کو چھت فراہم کرنے کے لیے سکیم متعارف کرائیں گے، لوگوں کو آسان ماہانا اقساط پر گھر فراہم کرنے کی اسکیم متعارف کرائیں گے جس کی مدد سے عوام آئندہ 10 برس کے اندر اپنے گھر کے مالک بن جائیں گے۔ جب جلسے کے شرکاءنے وزیر اعظم نواز شریف کا نعرہ لگایا تو انہوں نے کہا جو بول رہے ہو وہ ٹھیک ہے شرکاءنے کہا ٹھیک ہے نواز شریف نے کہا ہری پور کے بھائیو آج آپ کا ماتھا چومنے کو دل کرتا ہے ہری پور کے باسیوں نے وہ منظر دکھا دیا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ آپ کے پیار محبت پر نواز شریف قر بان ہے۔ میں دل کی گہرائیوں سے ہری پور کے لوگوں کے ساتھ ملکر لاہور کے لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے شاباش د یتا ہوں کہ انہوں نے اس ملک اور ترقی کے مخالفین کو ان کا اصل چہرہ دکھایا۔ اس موقع پر نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی مخالفت میں اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد میں ہونے والا جلسہ ناکام ہوگیا۔مریم نواز نے کہا کہ لاہور میں سازشیوں کی پوری بٹالین جمع ہوئی جو عوام سے شکست کھاگئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہر انتخابات میں نواز شریف کو پہلے سے بڑھ کر ووٹ دیے کیونکہ انہوں نے اپنی عوام کی خدمت کی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کی نواز شریف سے محبت چند روز کی نہیں بلکہ برسوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ ان کے مخالفین نواز شریف کو کسی بھی محاذ پر شکست نہیں دے سکے، نہ استعفیٰ لے سکے اور نہ ہی قبل ازوقت انتخابات کراسکے۔مریم نواز نے کہا کہ جب نواز شریف ملک میں ترقیاتی منصوبے لگارہے تھے، پاک چین اقتصادری راہداری سی پیک بن رہا تھا تو اس وقت مخالفین کنٹینرز پر چڑھ کر گالیاں نکال رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کو نظر آرہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں بھی عوام مسلم لیگ ن کو ہی منتخب کرے گی۔ نواز شریف کے مخالفین کا نام لو تو دھاندلی کا رونہ دھونا یاد آتا ہے، جو لوگ ناکام ہوگئے ہیں انہوں نے پارلیمنٹ کو گالی دے کر اپنی ناکامی کا بدلہ لیا۔ مریم نواز نے سوال کیا کہ یہ کیسی نااہلی ہے کہ جس میں اقامہ کے سزاوار عوام سے محبتیں سمیٹ رہے ہیں جبکہ اقامہ اور پانامہ کا شور مچانے والے خالی کرسیوں سے خطاب کر رہے ہیں۔ 

نواز شریف/ جلسہ

ای پیپر-دی نیشن