ہری پور میں مسلم لیگ (ن) کا جلسہ تاریخی مخالفین کے غبارے سے ہوا نکل گئی: آصف کرمانی
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ ن کے ترجمان سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ہری پور جلسے نے ہری پور کی تاریخ میں ہونے والے تمام پارٹیوں کے جلسوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ گزشتہ روز اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ہری پور کے عوام نے جلسے میں بھرپور شرکت کرکے نواز شریف مخالف قوتوں کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران‘ زرداری اور قادری دیکھا جلسہ اسے کہتے ہیں۔ ہری پور کے عوام نے نواز شریف سے اپنی لازوال محبت اور عقیدت کا ایک بار پھر کھل کر اظہار کر دیا۔ شکریہ ہری پور۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی خیر مناؤ‘ آئندہ الیکشن میں خیبر پی کے سے پی ٹی آئی کا صفایا ہو جائے گا۔