• news

مقبوضہ کشمیر :بھارتی مظالم کیخلاف مظاہرے صلاح الدین کے بیٹے کے ریمانڈ میں 5 فروری تک توسیع

سرینگر (آن لائن) کل جماعتی حریت حریت کانفرس’’گ‘‘ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ایف آئی اے کیجانب سے تہاڑجیل میںمقید آزادی پسند رہنماؤں کے خلاف چارج شیٹ دائر کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں اور اس کا حقیقت کے ساتھ کوئی بھی تعلق نہیں ہے۔ یہ سیاسی انتقام گیری ہے جس کو بھارت ہمیشہ مخالف آواز کو دبانے اور ختم کرنے کے لئے استعمال کرتا آیا ہے۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کنٹرول لائن پر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔ ایک بیان میںکہا کنٹرول لائن پر بھی ہر روز قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے دونوں ایٹمی ملکوں پر زور دیا کہ وہ محاذ آرائی ترک کر کے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ میر واعظ نے کشمیری پنڈتوں سے اپیل کہ وہ واپس مقبوضہ وادی میں لوٹ آئیں اور کشمیری انکا والہانہ استقبال کریں گے۔ دریں اثنا مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر مقبوضہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف جامع مسجد سرینگر کے باہر ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)کی خصوصی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میںگرفتار متحدہ جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین کے فرزند سید شاہد یوسف کی عدالتی تحویل میں5فروری تک کی توسیع کے احکامات صادر کئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن