• news

موچھ، میانوالی: غیرت کے نام پر بہن کو مبینہ آشنا سمیت قتل کردیا

میانوالی+ موچھ+ سرگودھا (نامہ نگاران) غیرت کے نام پر میانوالی میں بہن کو مبینہ آشنا سمیت مار ڈالا جبکہ سرگودھا میں بھی غیرت کے نام پر بہن کو ابدی نیند سلا دیا۔ تھانہ پائی خیل کی حدود میں غیرت کے نام پر بھائی نے سگی بہن شازیہ جبکہ اسکے آشنا فیض اللہ خان کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا، جوابی فائرنگ میں فیض اللہ خان نے غلام مصطفی خان کو شدید زخمی کر دیا۔ فیض اللہ خان ولد رفیع اللہ خان اور شازیہ دختر غلام قاسم زوجہ شفیع اللہ خان موقع پر دم توڑ گئے جبکہ غلام مصطفی خان کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میانوالی میں داخل کرا دیا گیا۔ تھانہ پائی خیل پولیس نے مقتول کے والد رفیع اللہ خان ولد حبیب اللہ خان کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ سرگودھا کے نواحی علاقہ 81شمالی سگھوال کے اسد نے غیرت کے مسئلہ پر فائرنگ کرکے اپنی بہن نسیم کو قتل کردیا۔ جھال چکیاں پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال پہنچا دی جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن