عوامی مسائل کا حل، امن و امان کو بہتر بنانا میری ذمہ داری ہے: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کو حل اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے کم وقت میں تیزی سے مسائل حل کریں گے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ شہر کے بارونق اور کاروباری علاقے جناح روڈ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی نصیب اللہ خان بازئی ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن امجد علی خان ، سیکرٹری بلدیات علی احمد بلوچ اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرے اور ہماری کوشش ہے کہ تمام مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے شہر کی مین شاہراہ جناح روڈکی خستہ حالی سے متعلق عوام کی جانب سے ملنے والی شکایات کے باعث میں نے آج اس کا دورہ کیا متعلقہ حکام سے اس حوالے سے بریفنگ بھی لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ روڈ کی تعمیر کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے میں وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا ہے تب سے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے اور آئندہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سمیت متعلقہ سیکرٹری خود تمام چیزوںکا جائزہ لیں گے۔ ہمارے پاس وقت کم اور مقابلہ سخت ہے تیزی سے معاملات کو آگے بڑھانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سیف سٹی کا منصوبہ جو التواء کا شکارتھاآئندہ چند روز میں اس منصوبے پر کام کا آغاز ہوجائے گا۔