سوئی میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، 2 افراد زخمی، کوئٹہ سے 16 مشتبہ افراد گرفتار
کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں بارودی سرنگ دھماکہ میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ لیویز کے مطابق ہفتے کو سوئی کے علاقے نیلغ میں گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کاشی اور فیض محمد شدید زخمی ہو گئے۔ جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ کوئٹہ میں پولیس اور ایف سی کے مشترکہ سرچ آپریشن میں 16 مشتبہ افراد گرفتار ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ شب کوئٹہ کے علاقہ سریاب میں واقع کشمیر آباد اور گرد و نواح میں پولیس اور ایف سی نے 200 سے زائد گھروں اور مقامات کی تلاشی لی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ایف سی بلوچستان نے ڈیرہ بگٹی کوہلو اور ڈیرہ مراد جمالی میں خفیہ اطلاعات پر سرچ آپریشنز میں بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود برآمد کر لیا۔ برآمد اسلحے میں مشین گنز، راکٹس، مارٹرز، گرینیڈز، ڈیٹونیٹرز، دھماکہ خیز مواد، مواصلاتی آلات شامل ہیں۔