ملک بھر کے70سے85فیصد آبی ذخائر آلودہ ہیں: قومی اسمبلی کو تحریری جواب
اسلام آباد(آن لائن)ملک بھر میں پائے جانے والے70سے85فیصد آبی ذخائر آلودہ اور گندے ہیں اور انسانی استعمال کے لئے غیر موزوں ہیں،اس بات کا انکشاف وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے گزشتہ روز کیا۔رپورٹس کے مطابق ایک سوال کے تحریری جواب میں وزارت نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ پاکستان کے پینے کے پانی کی90فیصد ضروریات زمینی پانی کے ذریعے سے پوری کی جارہی ہیں،وزارت میونسپل اور زرعی طور پر استعمال شدہ پانی کا دریاؤں اور زمینی پانی میں ڈسچارج ہے جو ندی نالوں سے آرہا ہوتا ہے۔رپورٹس کے مطابق پاکستان کونسل فار ریسرچ ان واٹر ریسورسز نے پانی کی کوالٹی مانیٹر کرنے کے لئے کئی منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔ اسلام آباد، کراچی،لاہور،فیصل آباد،سیالکوٹ،مردان اور پشاور جیسے بڑے شہروں کا احاطہ کیا گیا ہے ۔رپورٹوں میں80فیصد آبی ذخائر کی نشاندہی کی گئی جو بیکٹیریا کے باعث آلودہ ہوگئے ہیں اور انسانی استعمال کے لئے ناموزوں ہیں۔