• news

ختم نبوت قانون میں ترمیم کی تحقیقاتی رپورٹ منظرعام پر لائی جائے: پی ٹی آئی

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف نے ختم نبوت قانون میں ترمیم پر تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لانے اور ایوان میں اس پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ آخر یہ مذموم حرکت کس لابی کو خوش کرنے کے لئے کی گئی، مقررہ مدت گزر جانے کے باوجود اس کمیٹی کی تحقیقات کو آج تک منظر عام پر نہیں لایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے سپیکر قومی اسمبلی کے نام خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے ختم نبوت قانون میں ترمیم پر تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لانے اور ایوان میں اس پر بحث کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ختم نبوت ہمارے ایمان اور دین کی بنیاد ہے۔ کوئی کلمہ گو خواب میں بھی اس سے انحراف کا نہیں سوچ سکتا۔اسی اسمبلی میں ختم نبوت کا بل منظور ہوا تھا۔ افسوس کہ اسی اسمبلی میں ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کی شرمناک جسارت کی گئی۔ حکمران جماعت نے خود اپنی ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ لیکن مقررہ مدت گزر جانے کے باوجود اس کمیٹی کی تحقیقات کو آج تک منظر عام پر نہیں لایا گیا۔قوم جاننا چاہتی ہے کہ آخر یہ مذموم حرکت کس لابی کو خوش کرنے کے لیئے کی گئی تھی۔مذکورہ کمیٹی کی رپورٹ فوری سامنے لائی جائے اور ایوان میں اس پر بحث کی جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن