سپریم کورٹ نے کل سے شروع ہونے والے ہفتے کیلئے 5 بنچ تشکیل دیدیئے
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے 22 جنوری سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران مقدمات کی سماعت کیلئے 5 بنچ تشکیل دے دیئے ہیں۔ بنچ نمبر 1 چیف ثاقب نثار، جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل ہے۔ بنچ نمبر 2 جسٹس آصف سعید خان کھوسہ، جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ہے۔ بنچ نمبر 3 جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل ہے جبکہ جسٹس گلزار احمد اور جسٹس مشیر عالم بنچ نمبر 4 کے ممبران ہیں۔ بنچ نمبر 5 جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل ہے۔ آئندہ ہفتہ میں پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تقرری، وقف املاک پراپرٹی کے سستے داموں فروخت، تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے، انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 کے خلاف مقدمات، مارگلہ کی پہاڑیوں پر درختوں کی کٹائی، سٹون کرشنگ، مری میں غیر قانونی ہائوس سوسائٹیوں کے خلاف ازخود نوٹس اور ای او بی آئی کرپشن کیس سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت ہوگی۔