• news

پنجاب بھر میں انسانی حقوق کا تحفظ ترجیح ہے: خلیل طاہر سندھو

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے اور تمام ادارہ ایک بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے شہباز برکت کو کوراڈینیٹر انسانی حقوق و اقلیتی امور کے نوٹیفکیشن کی کاپی دینے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے شہباز برکت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ آپ صوبہ بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کے ساتھ نوجوان نسل میں ہم آہنگی، بھائی چارہ اور رواداری کو فروغ دینے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ کوآرڈینیٹر محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور شہباز برکت نے صوبائی وزیر کو یقین دلایا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور جانفشانی سے نبھائیں گے۔ انہوں نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے یہ بڑی سعادت کی بات ہے کہ اہم عہدے کیلئے ان کا انتخاب کیا گیا اور وہ کبھی بھی ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن