نواز شریف، مریم، کیپٹن صفدر کیخلاف ریفرنسز کی سماعت کل، ڈار کیس میں آج 4 گواہوں کے بیان قلمبند ہوں گے
اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آج اور سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدرکے خلاف کل (منگل کو) قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ریفرنسز کی سماعت کرے گی، اسحاق ڈار کے خلاف آج آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں مزید چار گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے ۔احتساب عدالت نمبر1 کے جج محمد بشیر ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے نیب کو سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اعتراضات پر جواب داخل کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے استغاثہ کے چار گواہوں کو آئندہ سماعت پرطلب کرلیاتھا ۔ واضح رہے کہ فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس کی 20، ایون فیلڈ پراپرٹیز کی 19جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی 23سماعتیں ہوچکی ہیں۔ اب تک نواز شریف 13، مریم نواز 15جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر17مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہو چکے ہیں۔