• news

نواز شریف جلسوں سے دباؤ ڈال کر نااہلی کا فیصلہ تبدیل کرانا چاہتے ہیں: عمران

اسلام آباد (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے، نواز شریف کے جلسوں کا مقصد نااہلی کے فیصلے کے خلاف دباؤ بڑھانا ہے۔ ٹوئیٹر پیغام میں عمران نے کہا کہ نواز شریف کے جلسوں کا مقصد نااہلی کے فیصلے کے خلاف دباؤ بڑھانا ہے، وہ جسٹس قیوم جیسے جج چاہتے ہیں جن پر دباؤ ڈال کر مرضی کا فیصلہ لکھوا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ ہمیشہ اپنے امپائرز کے ساتھ کھیلتے رہے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے نے ان کو دھچکا پہنچایا۔ عمران نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کو ان کی نااہلی کا فیصلہ واپس لینا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ فیصلے کے بعد نوازشریف نے ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے خلاف مہم شروع کردی ہے۔ علاوہ ازیں عمران کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ تحریک انصاف نے حدیبیہ کیس میں فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں ایک میڈیا گروپ کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ تحریک انصاف نے امریکہ، برطانیہ اور بھارت کے ساتھ تعلقات سامنے لانے کا اعلان کیا ہے۔ خواجہ آصف کی فوج مخالف مہم کی تحقیقات کا فیصلہ منظرعام پر لانے کا مطالبہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن