پارلیمنٹ کو گالی دینے والوں کا محاسبہ کریں گے: زرداری
لاہور (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور ان کے شوہر غلام ربانی کھر نے بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کی‘ ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال سمیت پیپلزپارٹی کی جانب سے پانچ فروری کو لاہور موچی گیٹ میں جلسہ عام کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ کے تحفظ کیلئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اور پارلیمنٹ کو گالی دینے والوں کا سخت محاسبہ کرینگے کیونکہ ایک سیاستدان کیلئے پارلیمنٹ نہایت ہی معتبر جگہ ہے لہٰذا پیپلز پارٹی پارلیمنٹ پر کوئی آنچ نہیں آنے دیگی اور کسی بھی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کرینگے۔ علاوہ ازیں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو برا وہ کہتا ہے جسے پارلیمنٹ کا نہیں پتہ ملک میں 30 سال ٹوٹی پھوٹی جمہوریت کا دور رہا، پی پی چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے، ملک میں ایسے عناصر موجود ہیں جو پارلیمنٹ کو ماننے کیلئے تیار نہیں۔