• news

کوئٹہ خروٹ آباد واقعہ کے دمہداروڈں میں شامل سابق ایس ایچ اور قتل: ڈی جی خان ، رینجرز کارروائی، 2 دہشت گرد ہلاک

پشاور+ کوئٹہ+ وہوا+ ڈیرہ غازی خان+ راولپنڈی (بیورورپورٹ+نامہ نگار+ صباح نیوز+ آن لائن) نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کوئٹہ میں سابق ایس ایچ او شہید‘ ڈیرہ غازی خان میں رینجرز نے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک کردئیے ۔کوئٹہ میں مسجد روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سابق ایس ایچ او ایئرپورٹ فضل کاکڑ شہید ہوگئے ہیں۔ سابق ایس ایچ او کی نعش ہسپتال منتقل کردی گئی۔ خیال رہے کہ سابق پولیس افسر 3 سکیورٹی اہلکاروں میں شامل تھے جن کو 17 مئی 2011ء میں پیش آنے والے خروٹ آباد واقعے کے بعد نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس واقعے میں 3 خواتین سمیت 5 افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ خروٹ آباد واقعے کے موقع پر فضل الرحمن کاکڑ ایس ایچ او ایئرپورٹ روڈ تعینات تھے۔ خروٹ آباد کے حوالے سے سکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا تھا کہ ہلاک ہونے والے پانچوں افراد چیچن دہشت گرد تھے جو ایئرپورٹ کے قریب سکیورٹی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ میڈیا رپورٹس اور فوٹیج کے بعد حکومت بلوچستان نے واقعے کی چھان بیان کی تھی۔ اس وقت کے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے تحقیقات کا حکم دیا تھا اور واقعے پر جوڈیشل کمشن تشکیل دیا تھا جس کی سربراہی بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس ہاشم کاکڑ کے ذمے تھی۔ اس کے علاوہ بھی مذکورہ واقعے کی متعدد اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی گئیں جبکہ جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی جانب سے کی جانے والی جوڈیشل تحقیقات میں کوئٹہ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر دائود جونیجو‘ ایف سی کرنل فیصل شہزاد‘ ایس ایچ او فضل الرحمن کاکڑ اور سب انسپکٹر رضا خان کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں اگست 2013ء میں اے ایس آئی رضا خان کو کوئٹہ میں ان کے گھر کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔ اس سے قبل دسمبر 2011ء میں خروٹ آباد کے واقعے کے مقتولین کی لاشوں کا پوسٹمارٹم کرنے والے پولیس سرجن ڈاکٹر سید باقر شاہ کو فائرنگ کرکے قتل کر دیاگیا تھا۔ دوسری طرف سبی کے علاقے چھتر میں ایف سی اورحساس اداروں نے کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا‘ اسلحے میں مشین گنز، راکٹس، مارٹرز، گرنیڈز، ڈیٹونیٹرز، دھماکہ خیز مواد اور مواصلاتی آلات شامل ہیں۔ فضل کاکڑ اپنے شوروم پر بیٹھے تھے کہ دو نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ فائرنگ کرنے والے موقع سے فرار ہوگئے۔ علاوہ ازیں رینجرز کی خفیہ اطلاع پر وہوا کے ٹرائبل ایریا میں پنجاب اور خیبر پی کے، کے بارڈر پر آپریشن کے نتیجہ میں دو دہشت گرد ہلاک، ہینڈگرنیڈ، کلاشنکوف اور گولیاں برآمد، دہشت گرد سکیورٹی فورسز اہلکاروں کے اغوا اور قتل میں ملوث تھے ان کا تعلق کالعدم جماعت سے بتایا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق پنجاب رینجرز نے انٹیلی جنس کی اطلاع پر گزشتہ شب وہوا کے ٹرائبل ایریا میں درہ کوڑا کے مقام پر آپریشن کیا اور دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد سکیورٹی فورسز اہلکاروں کے اغوا اور قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے جنہیں خفیہ کارروائی پر گزشتہ شب پنجاب رینجرز نے کارروائی کرکے ہلاک کردیا ۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے ہینڈ گرنیڈ، کلاشنکوف اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ دونوں دہشت گردوں کی شناخت محمد مصعب عرف دائود سکنہ ڈیرہ اسماعیل خان اور محمد شعیب سکنہ نظام آباد کراچی کے نام سے ہوئی۔ دہشت گردوں کے خلاف بارڈر ملٹری پولیس کے تھانہ لکھانی میں زیر دفعہ 302, 148-49, 324 مقدمہ درج کرلیا گیا۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات فروشوں ،سمگلروں اور سماج دشمن عناصرکیخلا ف سرچ آپریشن میں 65 جرائم پیشہ، مشتبہ افرادکو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ تحفظ مکانات آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے پر 34 افرادکوحراست میں لے لیا ہے۔ ا یس ایس آپریشن پشاورجاوید اقبال کی نگرانی میں پشاور کے داخلی و خارجی راستوں پر فل پروف ناکہ بندیوں کے دوران تھانہ آغامیر جانی شاہ کی حدود لعلی باغ سے ملزم نوید گل سکنہ لعلی باغ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 3 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں ملزم ناصر اللہ سے 1100گرام، تھانہ کوتوالی پولیس نے نواب علی سے 8 کلو گرام ‘ریگی ماڈل ٹائون پولیس نے کیکرانوں سٹاپ پر ناکہ بندی کے دوران رکشہ سے 1100 گرام چرس برآمدکرکے ملزم جان محمد سکنہ افغانستا ن حال تہکال کو گرفتار کر لیا۔ اسی طرح ملزم فیاض شبیر آباد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1100 گرام چرس برآمد کرلی۔پولیس کے مطابق دیگر کارروائیوں میں مجموعی طور پر 38 جرائم پیشہ اور22 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے4 کلاشنکوف ،6 رائفل ، 7 پستول 30 بور ،20 کلو گرام چرس اور6 بوتل شراب برآمدکرلی جبکہ تحفظ مکانات آرڈیننس کے تحت 34 افرادکو گرفتار کر کے ان کیخلاف مختلف مقدمات درج کر دئیے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن