پشاور: جماعت اسلامی دفتر کے چوکیدار نے پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا
پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور کے علاقہ دین بہار کالونی میں جماعت اسلامی کے مقامی دفتر کے چوکیدار نے جواں سال پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد نور حیدر خان کے مطابق محکمہ پولیس کے ریٹائرڈ سب انسپکٹر تاج محمد خان ساکن دین بہار کالونی نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کا بیٹا وقار خان جو کہ تھانہ شرقی میں بطور کانسٹیبل تعینات تھا گزشتہ روز جماعت اسلامی کے مقامی دفتر میں بیٹھا ہوا تھا کہ اس دوران دفتر کے چوکیدار عالمگیر ساکن دین بہار کالونی نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر اسے فائرنگ کرکے زخمی کر دیا مجروح کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے تاہم تاحال اس کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔