سانحہ 12 مئی‘ 16 مفرور ملزموں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی گئی
کراچی(کرائم رپورٹر) سانحہ 12 مئی کیس میں مفرور 16 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی۔ذرائع کے مطابق مئیر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان کے خلاف سانحہ بارہ مئی کے مقدمات میں تفتیشی افسر نے 16 مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ضابط فواجداری کی دفعہ 87 کے تحت اخبار میں اشتہار شائع کراتے ہوئے انہیں 3 فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔ ملزمان میں عمیر حسین صدیقی، حق نواز، عبدالاحد، دلدارمیاں، عبدالوحید بھی شامل ہیں۔ملزمان کے خلاف مقدمات انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نمبر 3 میں زیرِ سماعت ہیں اور سانحہ 12 مئی کے 7 مقدمات میں مئیر کراچی وسیم اختر ضمانت پر رہا ہیں۔ ملزمان پر قتل، ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ سمیت متعدد الزامات عائد ہیں۔