• news

ٹی 20 رینکنگ: پاکستان کی دوسری پوزیشن خطرے میں پڑگئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر )ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان کی دوسری پوزیشن بھی خطرے میں پڑ گئی تاہم مزید نیچے پھسلنے سے بچنے کیلیے کم سے کم ایک میچ جیتنا ہوگا۔پاکستان نے نئے برس کا آغاز ٹاپ پوزیشن سے کیا تھا تاہم ایک ہی ہفتے میں نیوزی لینڈ نے اپنے ہوم گراؤنڈز پراس طرز کے عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کوزیر کرکے نمبر ون ٹیم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ گرین شرٹس کے پاس اگرچہ ایک بار پھر پہلے نمبر واپس لوٹنے کا موقع موجود ہے تاہم اس کے لیے اسے کیوی ٹیم اور کنڈیشنز دونوں پر حاوی ہوتے ہوئے سیریز میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔اگر پاکستان ٹیم ولنگٹن میں شیڈول پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرے تو وہ پھر سے نمبرون ٹیم بن جائیگی، جمعرات کو آکلینڈ میں دوسرا میچ جیتنے سے اس پوزیشن پر مہر ثبت ہوسکتی ہے، البتہ اگر اس میچ میں شکست ہوگئی تو پھر ٹیم دوسرے نمبر پر چلی جائیگی، 28 جنوری کو وانگیری میں تیسرا میچ جیت کر گرین شرٹس پھر سے ٹاپ پوزیشن سنبھال سکیں گے۔اگر پاکستانی ٹیم پہلا میچ جیت کر اگلے دونوں ہار گئی تو پھر دوسرے نمبر پر ہی رہے گی ۔لیکن اگر ایک روزہ سیریز کی طرح مختصر ترین فارمیٹ میں بھی وائٹ واش کی رسوائی کا منہ دیکھنا پڑا تو رینکنگ میں دوسری سے چوتھی پوزیشن پر جانا پڑیگا، اس صورت میں ٹاپ پر کیویز کی پوزیشن مستحکم ہوجائے گی۔ پاکستان ٹیم اگر سیریز میں 3-0 سے کامیابی حاصل کرے تو پھر نیوزی لینڈ کی چوتھے نمبر پر تنزلی ہوسکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن