لندن فلیٹس: شریف خاندان کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر‘ ٹی وی انٹرویوز کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا
اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی احتساب بیورو (نیب)نے شریف خاندان کے خلاف لندن فلیٹس ریفرنس میں احتساب عدالت میں ضمنی ریفرنس دائر کردیا۔ رجسٹرار آفس میں جمع کرائے گئے نئے ریفرنس میں 7نئے گواہان شامل کئے گئے ہیں جن میں سے دو گواہوں کا تعلق برطانیہ سے ہے اور ان کے بیانات بھی قلمبند کرلیے گئے ہیں۔ نیب نے مزید تحقیقات کی روشنی میں سامنے آنے والے نئے شواہد کوضمنی ریفرنس کا حصہ بنایا ہے۔ایک گواہ کا نام رابرٹ ریڈلے ہے جو فرانزک ماہر ہیں اور برطانیہ میں مقیم ہیں۔ پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کے ایک قریبی رشتے دار بھی گواہوں میں شامل ہیں۔ دو گواہوں کا تعلق وزارت اطلاعات سے، ایک گواہ کا تعلق نجی ٹی وی چینل سے جبکہ دو گواہوں کا تعلق نیب سے ہے۔ نیب کی جانب سے نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور بیٹوں حسن اور حسین کے ٹی وی انٹرویوز کو بھی ریفرنس میں شواہد کا حصہ بنایا گیا ہے۔