پنجاب یونیورسٹی: 2 طلباء گروپوں میں تصادم توڑپھوڑ الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کا کمرہ نذر آتش
لاہور(صباح نیوز، نوائے وقت نیوز) پنجاب یونیورسٹی میں 2 طلباء گروپوں میں رات گئے تصادم کے دوران طلبا نے الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگادی، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں گروپوں کو منتشر کردیا۔پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں ایک طلبہ گروپ کی جانب سے گزشتہ روز ہونے والی پائنیر فیسٹیول کی تیاریاں جاری تھیں کہ دوسرے گروپ نے رات گئے دھاو ا بول کر ڈیپارٹمنٹ میں توڑ پھوڑ کی اور ایک کمرے کو آگ لگا دی۔ ہنگامہ آرائی کے دوران کئی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور طلبا کو منتشر کرکے حالات پر قابو پالیا۔دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے 2 طلبہ گروپوں میں تصادم کا نوٹس لے لیا۔وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ تصادم کے نتیجے میں الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی ریسرچ لیب کو نقصان پہنچا، ملوث طلبا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔علاوہ ازیں انتظامیہ نے میڈیا اور غیرمتعلقہ افراد کو بھی یونیورسٹی میں داخلے سے روک دیا۔گزشتہ برس فروری میں بھی پنجاب یونیورسٹی میں 2 طلبہ گروپوں میں تصادم کے دوران دونوں نے ایک دوسرے پر پتھرائو اور لاٹھی کا آزادانہ استعمال کیا۔ بعدازاں مارچ 2017 میں بھی ایک طلبہ گروپ کے کارکن کلچرل شو پر چڑھ دوڑے تھے، اس دوران ہنگامہ آرائی میں 18 طالب علم زخمی ہوگئے تھے۔