• news
  • image

راولپنڈی آرٹس کونسل میں سالانہ جاپانی کیلنڈروں کی نمائش

صائمہ عمران

جاپان ایمبیسی اپنے آرٹ اینڈ کلچرکومتعارف کرانے کے لیے ہرسال جنوری میں کیلنڈروں کی نمائش کا انعقادکرتی ہے راولپنڈی میں نمائش کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ فن کی زبانی یہاں کے باسی بھی جاپان میں ہونے والی ترقی اورخوبصورتی سے آگاہی حاصل کرسکیں۔اسی طرح اس سال جاپان ایمبیسی اورآرٹس کونسل راولپنڈی کے اشتراک سے سالانہ جاپانی کیلنڈروں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔پاکستان میں جاپان کے سفیرتکاشی کورائے نے ناہید منظورڈائریکٹرآرٹس کونسل، وقار احمد اور دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔ کیلنڈروں کی یہ نمائش 27 جنوری تک جاری رہے گی۔جاپان کی ترقی اورقدری مناظرپرمشتمل 114 کیلنڈرنمائش کی زینت بنے ہوئے ہیں اور لوگ انہیں بہت سراہا بھی رہے ہیں، جاپانی ایمبیسی گزشتہ کئی برسوں سے راولپنڈی آ رٹس کونسل میں کلینڈر کی نمائش کرتی چلی آ رہی ہے سارا سال جاپانی ایمبیسی کی پاکستان میں ہونے والی ثقافتی سرگرمیوں میں اس نمائش کو بھی اہمیت حاصل ہیں ۔ یہ کلینڈرز جاپان کلینڈرز ایسوسی ایشن اور دیگر جاپانی کمپنیوں کے تعاون سے آویزاں کئے گئے ہیں،نمائش میں رکھا گیا ہر کلینڈر اپنی الگ تھیم رکھتا ہے مثلاً کہپیں شائقین کو جاپانی روایات واقدار دیکھنے کو ملتی ہیں تو کہیں آرٹ اور سپورٹس کی سرگرمیاں حتی کہ آٹو موبائل انڈسٹری، فن تعمیر، فطری حسن غرض کہ اس نمائش میں ہم بہت کم وقت میں صدیوں سے جاپان میں جاری سوشل کلچرل ترقی کے مرحلوں کو ایک چھت تلے دیکھ سکتے ہیں۔ نمائش کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ تمام کیلنڈرزافتتاحی تقریب میں شریک ہونے والوں میں قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کر دیے جائیں گے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے سفیرتکاشی کورائے کا کہنا تھا کہ یہ کیلنڈرجاپان کی خوبصورتی اورحقیقی زندگی کی عکاسی کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس نمائش کا مقصدجاپانی طرززندگی اورثقافت کوپاکستانیوں میں متعارف کرانا ہے۔جاپانی سفیرکا مزیدکہنا تھا کہ جاپان میں نئے سال کے آغازمیں لوگ ایک دوسرے کوکیلنڈروں کا تحفہ بھیجتے ہیں اوریہ کیلنڈربھی قرعہ اندازی کے ذریعے لوگوں میں تقسیم کردیے جائیں گے۔ تکاشی کورائے نے تعاون پر راولپنڈی آرٹس کونسل کا شکریہ بھی اداکیا۔ ڈائریکٹرآرٹس کونسل ناہیدمنظورکا کہنا تھا کہ یہ نمائش پاکستان اورجاپان کے لوگوں کے درمیان باہمی رابطے کا بہترین ذریعہ ہے اور تصویروں کی زبانی ہمیں مختلف شعبوں میں جاپان کی ترقی کا بخوبی ا ندازہ ہوتا ہے۔ کلینڈرز کی نمائش اچھی روایت ہے کہ اس طرح ہم تفریح کے ساتھ ساتھ معلومات کا بھی تبادلہ کر رہے ہیں۔ڈائریکٹرآرٹس کونسل وقارکا کہنا تھا کہ اس طرح کے پروگراموں سے ایک دوسرے کی ثقافتوں کو جاننے کا موقع ملتا ہے اسی طرح کے پروگرام آرٹسٹ اور عوام دونوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور ہم اسی نمائش کے انعقاد میں تعاون پر جاپانی ایمبیسی کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیںانھوں نے کہا کہ آرٹس کونسل نے ہمشیہ جاپان ایمبیسی کوخوش آمدیدکہا اور ہرممکن تعاون کیا۔ نمائش کی خاص بات یہ بھی ہے کہ زیادہ ترکیلنڈرجاپان کی نجی کمپنیوں نے اپنے وسائل سے چھاپے ہیں جوپرانے پیپروں کو ری سائیکل کرکے استعمال میں لائے گئے ہیں جس سے ظاہرہوتا ہے کہ جاپان ماحول دوست ملک بھی ہے۔
راولپنڈی آرٹس کونسل میں یہ نمائش 27 جنوری تک جاری رہے گی۔ جڑواں شہروں کے آرٹ لورزبڑی تعداد میں اس نمائش کو دیکھنے آرہے ہیں اور یہی کہتے ہوئے سنے گئے کہ ہر کلینڈر آرٹ کا خوبصورت وبے مثال نمونہ ہے۔ شائقین کے ان ریمارکس اور نمائش کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ہم برملا کہہ سکتے ہیں کہ جاپانی کلینڈر ایسوسی ایشن نے پاکستانی شائقین کو متوجہ کرنے کے لیے اپنے مختلف شعبہ زندگی‘ فطرت اور طرز بودووباش کو مدنظر رکھتے ہوئے جو فن پارے تخلیق کئے تھے وہ اپنی کوشش میں کامیاب ہوئے ہیں۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن