باب پاکستان کی ازسرنو تعمیر، لاگت میں اضافے کیخلاف درخواست، ہائیکورٹ نے مسترد کر دی
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے باب پاکستان کی از سر نو تعمیر اور اربوں روپے کی غیر ضروری لاگت میں اضافے کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔ درخواست گزار امجد مختار چوہان نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سابق حکومت نے اوپن مقابلے کے تحت باب پاکستان کی تعمیر کا ڈیزائن اور منصوبہ منظور کیا۔ ایک ارب تیس کروڑ کی لاگت سے منصوبے پر پچاس فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت پنجاب نے کسی قانونی جواز کے بغیر من پسند کمپنی کو نوازنے کے لئے منصوبے پر کام روک دیا۔ حکومت پنجاب نے ساڑھے چار ارب روپے کی لاگت سے منصوبے کا نیا ڈیزائن منظور کیا۔