افغانستان: داعش کا ‘‘سیودی چلڈرن‘‘ کے دفتر پر خودکش حملہ‘ 3 ہلاک‘ 27 افراد زخمی
کابل (آئی این پی+ اے ایف پی) افغانستان کے شہر جلال آباد میں داعش کی جانب سے بچوں کی تنظیم ’’سیو دی چلڈرن‘‘ کے دفتر پر خودکش حملے میں 2 گارڈز، ایک شہری ہلاک 27 زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق ننگر ہار صوبے کے جلال آباد شہر میں خودکش حملہ آور نے سیو دی چلڈرن این جی او کے دروازے پر بارود سے بھری کار بم دھماکے سے اڑا دی۔ دھماکے کے بعد مسلح افراد این جی او کے دفتر میں گھس گئے جس کے بعد افغان فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان لڑائی شروع ہوگئی۔ سکیورٹی حکام کا کہنا تھا 2 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ دوسری طرف طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں این جی او کے دفتر پر حملے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حملے سے طالبان کا کوئی تعلق نہیں۔ سیو دی چلڈرن تنظیم نے سرگرمیاں معطل کر دیں، دفاتر بند کر دیئے ہیں۔ 7 گھنٹے سے زائد مقابلہ جاری ہے، حملہ آور فوجی یونیفارم میں آئے۔ ایک خاتون سمیت تہہ خانے میں چھپے 50 افراد کو بچا لیا گیا۔ ٹویٹر پیغام پر برطانوی سفیر نے مذمت کرکے بیان میں کہا انسانیت کیخلاف جرم ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دستی بم پھینکنے ایک گاڑی سے دفتر کے سامنے دھواں نکلتے دیکھا گیا۔ یورپی یونین نے بھی مذمت کرتے حملے تو عالمی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔