وزیراعلیٰ کا بچیوں کے قتل اور زیادتی کے ملزموں کی گرفتاری کیلئے ڈی پی اوز کو خصوصی ٹاسک
لاہور‘ شیخوپورہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) قابل اعتماد ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کمسن بچوں کیساتھ زیادتی، اغوا اور قتل کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے صوبہ بھر کے تمام ڈی پی اوز کو خصوصی ٹاسک دیدیا ہے اور اس نوعیت کے تمام مقدمات کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ کمسن بچوں کیساتھ پیش آنے والے دل خراش واقعات کی حوصلہ شکنی کیلئے تمام وسائل اور اختیارات کو بروئے کار لایا جائے تو دوسری طرف ان مقدمات کی پیروی کرنے والے متاثرہ خاندانوں کو مکمل سکیورٹی اور مفت قانونی امداد بھی فراہم کی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ان احکامات کی روشنی میں آئی جی پنجاب پولیس نے تمام ڈویژنل آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو بھی اپنی طرف سے ہدایات جاری کرتے ہوئے ایسے تمام مقدمات کی مکمل تفصیلات وریکارڈ طلب کرلیا ہے۔