• news

حکومت کو ’’سفید ہاتھی‘‘ بننے والے منصوبوں پر پیسہ لگانے سے گریز کرنا چاہئے: شاہد خاقان

ڈیووس (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سی پیک ’’ایک خطہ ایک سڑک‘‘کا اہم جزو ہے، منصوبے کے تحت مواصلات، بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے بڑے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ’’ایک سڑک ایک روڈ کے اثرات‘‘کے موضوع پر مباحثہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک ’’ایک خطہ ایک سڑک‘‘کا اہم جزو ہے۔ منصوبے کے تحت مواصلات، بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے بڑے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ منصوبے سے خطے کے ممالک ایک دوسرے سے منسلک ہوں گے۔ علاقائی روابط کے اس منصوبے سے خطے کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ خطے میں اقتصادی سر گرمیوں کے فروغ اور خوشحالی کا باعث ہو گا، ایک سڑک ایک روڈ منصوبے کو پائیدار بنانا ہے۔ سی پیک سے برآمدات میں 15فیصد اضافہ ہوا ہے، سی پیک منصوبہ خطے میں معاشی استحکام کا اہم جزو ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے تحت ریلوے اور ہوائی اڈوں کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ سی پیک منصوبوں میں ماحولیاتی آلودگی میں کمی پر توجہ ہے، تیل سے چلنے والے بجلی گھر نئی ٹیکنالوجی سے تبدیل کر رہے ہیں، ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات میں پاکستان ذمہ دار ملک کے طور پر سامنے آیا ہے، پاکستان نے ماحول دوست ٹیکنالوجی کو اپنایا، سی پیک کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مساوی مواقع حاصل ہیں، بندرگاہوں، ریلوے اور سڑکوں کے ذریعے پاکستان وسط ایشیائی ملکوں کو رابطے فراہم کر رہا ہے۔ وزیراعظم سے جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے مسلسل تعاون پر جیئرو کے مشکور ہیں۔ پاکستان تمام ایشیائی ملکوں میں معاشی سرگرمیاں بڑھانا چاہتا ہے۔ جاپان پاکستان کا اہم شراکت دار ہے۔ سیاسی استحکام، امن و امان اور معاشی ترقی میں بہتری کو عالمی اداروں نے تسلیم کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مائیکرو سوفٹ کے بانی بل گیٹس نے ملاقات کی۔ انسداد پولیو اور صحت عامہ کے پروگرامز سے متعلق گفتگو ہوئی۔ بل گیٹس نے انسداد پولیو اور صحت عامہ سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سوشل سیکٹر میں اصلاحات پر توجہ مرکوز ہے۔ صحت اور تعلیم کے شعبے میں حالیہ اقدامات عوام کیلئے سودمند ہونگے۔ وزیراعظم نے ڈائریکٹوریٹ نیشنل سیونگ کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ نیشنل سیونگ کے تحت 70 لاکھ سے زائد چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو قرضے دیئے۔ پاکستان میں چھوٹے کاروبار شروع کرنے میں زیادہ تر خواتین شامل ہیں۔ علاوہ ازیں شاہد خاقان سے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کے صدرجن لی کیان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے بنک کے صدرکو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم نے بنک کے صدر جن لی کیان کو بتایا کہ وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ جات کی ترقی اوران علاقوں کو سماجی اوراقتصادی دھارے میں لاناموجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ فاٹا میں پانی ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیموں کی تعمیرکیلئے فنڈز فراہم کرنے سے ان علاقوں کی ترقی اور انہیں مرکزی دھارے میں لانے میں نمایاں پیش رفت ہوگی۔ وزیراعظم سے مٹسوبشی کارپوریشن کے چیئرمین کین کوبایاشی نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے مٹسوبشی کارپوریشن کی پاکستان میں بالخصوص مقامی سطح پر ہیوی مشینری کی تیاری میں سرمایہ کاری کو سراہا۔ وزیراعظم سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیلی نار نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹیلی نار کی جانب سے پاکستان میں ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا لائق تحسین ہے۔

ای پیپر-دی نیشن