خواجہ آصف نے بیرون ملک اکاؤنٹس اور کاروبار ظاہر نہیں کیا: وکیل مدعی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے خلاف اقامہ اور غیر ملکی اکائونٹس اپنے اثاثوں میں ظاہر نہ کرنے کے مقدمے کی سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے وکیل نے خواجہ آصف کے بیرون ملک اکائونٹس اور اقامہ کی تفصیلات اور دستاویزی ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بیرون ملک اپنے اکائونٹس اور کاروبار کو چھپایا انہوں نے اپنی بیٹی اور بیگم کے اکائونٹس میں 22ملین روپے کی رقم منتقل کی تاہم یہ رقوم بھی کہیں ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔ خواجہ آصف نے نیشنل بنک آف ابوظہبی میں اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے ابوظہبی کا ڈومیسائل جمع کرایا تھا جبکہ انہوں نے نیشنل بینک آف ابوظہبی کا اکاؤنٹ ٹیکس گوشواروں اور کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ خواجہ آصف نے گوشواروں میں کم شیئرز ظاہر کئے اور جولائی 2015 میں نیشنل بینک آف ابوظہبی سے تمام رقم نکال لی۔ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے گوشواروں اور کاغذات نامزدگی میں 6 اکاؤنٹس کو ظاہر کیا اور ظاہر کئے گئے اکاؤنٹس میں تین پاکستان سے، ایک دبئی جبکہ دو نیویارک کے اکاؤنٹس ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی۔