صدر ممنون نے جدید ترین اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد (اے پی پی) صدر ممنون حسین نے جدید ترین اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کاباضابطہ افتتاح کردیا۔ اس سلسلہ میں بدھ کے روز ایوان صدر میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی، سیکرٹری عامر حسن، اردو لغت بورڈ کے چیف ایڈیٹر عقیل عباس جعفری ، ماہر لسانیات اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔ کئی عشروں کی محنت سے تیار 22 جلدوں پر مشتمل اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کے ذریعے 22 ہزار صفحات اورتقریباً 2 لاکھ 64 ہزار الفاظ پر مشتمل علمی خزانہ اب انٹرنیٹ پردستیاب ہو گا جس کے لئے مخصوص "ایپ" تیار کی گئی ہے۔ تقریب سے خطاب میں صدر مملکت ممنون حسین نے کہاکہ آج ہماری زبان تہذیبی جاہ وجلال کے ساتھ بڑی عالمی زبانوں کی صف میں شامل ہو گئی۔ صدر نے عرفان صدیقی اور ان کی ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ کامیابیوںکا یہ سفرمستقبل میں بھی جاری رہے گا اور ادب و ثقافت کا یہ پرچم پوری دنیا میں آب و تاب سے لہراتا رہے گا۔ صدر نے کہاکہ خوشی ہے کہ 22جلدوںپر مشتمل اردو لغت اردو زبان کے تمام نزاکتوں اور ثقافتی تاریخ کو سامنے لے کر آئی ہے۔ اپنی ثقافت مضبوط ہو تو بیرونی ثقافتوں کی یلغار کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کے ذریعے پوری دنیا میں استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ توقع ہے کہ جلد آن لائن ایڈیشن میں صوتی اور درست تلفظ بھی میسر ہو گا۔ انہوں نے اس بات پرو زوردیا کہ بدلتے وقت کے ساتھ زبان میں بھی جدیدیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ امید ہے کہ وقت کے بدلتے تقاضوں کے ساتھ نئے الفاظ ہماری لغت میں شامل ہو سکیں گے۔