• news

پی اے سی نے 10 برس میں اشتہارات کے بجٹ کی تفصیلات مانگ لیں

اسلام آباد (نامہ نگار + آن لائن) پی اے سی اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ وفاقی حکومت ٹی وی چینلز کو کسی پالیسی کے بغیر 6ارب روپے کے اشتہارات دیتی ہے جبکہ من پسند ٹی وی چینلز کو زیادہ ریٹس دئیے جارہے ہیں، وفاقی سیکرٹری احمد نواز سکھیرا نے انکشاف کیا کہ وزارت میں سیکرٹ فنڈز کا بجٹ ختم کردیا ہے۔ پی اے سی نے گزشتہ 10سالوں میں اشتہارات کے بجٹ اور اخبارات اور ٹی وی چینلز کو دئیے گئے اشتہارات کی مکمل تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں جبکہ پاکستان ٹیلی ویژن میں مبینہ کرپشن، بد انتظامی اور اصلاحات لانے کے لئے 5رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اجلاس کو سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کہ بہت جلد پارلیمانی چینلز بن جائے گا جو قومی اسمبلی، سینٹ اور قائمہ کمیٹیوں کی براہ راست کوریج کرے گا۔ پی اے سی نے گزشتہ سال نوازشریف حکومت کی طرف سے 2ارب روپے کے اشتہارات چلانے کی بھی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ پی اے سی کا اجلاس سید خورشید شاہ کی صدارت میں ہوا، جس میں نوید قمر، ڈاکٹر عذرا پچیہو، مشاہد حسین سید، شفقت محمود، سید مصطفیٰ شاہ، شاہدہ اختر علی، ڈاکٹر عارف علوی اور سردار عاشق گوپانگ نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن