جاتی امرا تک سڑک کی تعمیر‘ نیب کا شہباز شریف کو ایک اور نوٹس‘ 29 جنوری تک جواب طلب
لاہور (نوائے وقت رپورٹ + سٹاف رپورٹر ) نیب نے وزیراعلی شہبازشریف کو رواں ماہ طلبی کا دوسرا نوٹس جاری کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے شہبازشریف سے رائیونڈ میں قومی خزانے سے جاتی امرا تک غیر قانونی سڑک کی تعمیر پر جواب طلب کرلیا اور 29 جنوری تک دستاویزات جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ نیب نے آف شور کمپنی کیس میں تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو 29 جنوری پیر کو طلب کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے مونس الٰہی کو 30 جنوری کو صبح 10 بجے طلب کیا ہے۔ مونس الٰہی کو آف شور کمپنی کیس میں ریکارڈ سمیت طلب کیا گیا ہے۔علیم خان نے کہا ہے کہ ملکی اداروں سے نہ پہلے کچھ پردہ داری رکھی اور نہ اب چھپاؤں گا جس کمپنی کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے وہ دس سال سے ایف بی آر میں رچرڈ سے پیر کو نیب میں پیش ہوں گا۔ نیب جو ریکارڈ مانگے گا اسے مہیا کیا جائے گا۔ الیکشن کمشن کے پاس میری آف شور کمپنی کا ریکارڈ موجود ہے میں قانون کے سامنے اپنے آپ کو جوابدہ سمجھتا ہوں۔