• news

ڈرون حملے نے ثابت کر دیا دہشت گرد افغان مہاجر کیمپوں میں ہیں: فوجی ترجمان

اسلام آباد کوہاٹ (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہنگو کے مقام سپن ٹل میں افغان مہاجر کیمپ پر ڈرون حملہ میں انفرادی ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔ جمعرات کی سہ پہر سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر نقشہ کی مدد سے انہوں نے جائے حملہ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈرون حملہ میں افغان مہاجرین میں آسانی سے گھل مل جانے والے انفرادی ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔ یہاں دہشت گردوں کا کوئی منظم ٹھکانہ نہیں تھا۔ ایسے ٹھکانے ختم کئے جا چکے ہیں۔ ٹویٹ کے ساتھ نقشہ میں افغان مہاجرین کے کیمپوں کی تفصیل بھی جاری کی گئی جس کے مطابق پاکستان میں افغان مہاجرین کے کل چون کیمپ اور کمپلیکس ہیں جن میں سے فاٹا اور کے پی کے ساتھ 43 کیمپ ہیں ہنگو میں افغان مہاجرین کا کمپلیکس بھی اس میں شامل ہے ۔ ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ مہاجر کیمپ پر حملہ سے پاکستان کے اس مؤقف کی تصدیق ہوتی ہے کہ دہشت گرد باآسانی افغان مہاجرین میں شامل ہو کر چھپ جاتے ہیں۔ اس لیے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی میزبانی کا دہشت گردوں کی جانب سے غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کرم ایجنسی میں دو افغان مہاجر کیمپ ہیں۔ امریکہ کو کرم ایجنسی، یا وزیرستان میں کسی بھی مقام پر ڈرون حملہ کا اختیار نہیں اور نہ ہی ا مریکہ کو ڈرون حملہ کی اجازت دینے معاہدہ موجود ہے۔ جمعرات کے روز ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی اس رپورٹ کو مسترد کر دیا کہ کرم ایجنسی میں افغان مہاجر کیمپ نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وہاں دو کیمپ قائم ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے مطابق امریکہ نے چوبیس جنوری کو ایک افغان مہاجر کیمپ پر حملہ کیا۔ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ نے ایسے کسی حملہ کی تردید کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکہ افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی میں تعاون کرے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں طالبان اور حقانی نیٹ ورک کی محفوظ پناہ گاہوں کے الزامات زمینی حقائق کے منافی ہیں۔ پاکستان نے دو لاکھ فوج تعینات،کئی سرحدی چوکیاں اور باڑ نصب کر کے اپنی طرف سرحد کو مستحکم کر لیا ہے۔ افغان حکومت کو بھی اپنی طرف سرحدوں کو محفوظ بنانے کیلئے اس قسم کی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ بھارت کا روایتی اور غیرروایتی ہتھیاروں کا حصول اور میزائل تجربات خطے میں امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔ بھارت کی جانب سے اسلحے میں بے تحاشا اضافہ اس کی دفاعی ضروریات سے کہیں زیادہ ہے۔ پاکستان خطے میں بھارت کی اسلحے کی دوڑ سے غافل نہیں۔ پاکستان پُرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے جو خطے کی ترقی اور استحکام کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ افغانستان کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغان حکومت اور عوام کی قیادت میں مصالحتی عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ افغانستان کا دیرینہ تنازع صرف پُرامن مذاکرات سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ افغان مسئلے کا فوجی حل ممکن نہیں۔ پاکستان کو جی ایس پی پلس ترجیحی درجہ سے پاکستان اور یوروپی یونین دونوں کو فائدہ ہوا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ 1829جید پاکستانی علما نے خودکش حملوں اور ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے کے حوالے سے فتویٰ جاری کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فتویٰ کسی جغرافیائی حدود تک محدود نہیں بلکہ عالمگیر نوعیت کا تھا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ کالعدم جماعتوں و شخصیات پر پابندیوں کی نگرانی کرنے والی ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے۔ ٹیم کو پاکستان میں کالعدم تنظیموں و شخصیات پر پابندیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انڈونیشیا میں منشیات سمگلنگ کیس میں گرفتار پاکستانی شہری ذوالفقار سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ وزارت خارجہ ان کی رہائی کیلئے تمام کوششیں کررہی ہیں۔ بنکاک میں نادرہ کے افسر ایازالدین پر جنسی ہراساں کرنے کے الزامات پر سفارت خانے میں داخلہ پر پابندی عاید کی گئی۔ یہ افسر پاکستان واپس پہنچنے کے بعد غلط پراپیگینڈا کر رہے ہیں۔ ان کے سفارتخانہ میں داخلے پر پابندی اس لئے عاید کی گئی کہ وہ شواہد و دستاویزات کو ضائع نہ کر سکیں۔ ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ آسٹریا میں ایک پاکستانی سفارتی اہلکار غائب ہوا ہے‘ تاہم یہ درست نہیں کہ اس کے پاس کوئی حساس دستاویزات یا معلومات ہیں۔ ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی اہلیہ کے جوتوں کی رپورٹ مکمل ہوگئی ہے‘ تاہم فی الوقت یہ رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی جارہی۔ ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی سلامتی کیلئے اہم ہے، بھارت سی پیک کے خلاف غلط پراپیگینڈا میں ملوث ہے۔ بھارت نے خود مقبوضہ کشمیر میں کئی منصوبے شروع کر رکھے ہیں جن کا وہ ذکر نہیں کرتا۔ بھارت کے امن کے بیان اور دوسری جانب سرجیکل سٹرائیکس کے دعوے ایک دوسرے کا تضاد ہیں۔ بھارت کی جانب سے گزشتہ برس سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں اضافہ کا تسلسل جاری ہے۔ علاوہ ازیں آپریشن ردالفساد کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایف سی کی کارروائی میں 20 مشتبہ افراد گرفتار کرکے اسلحہ‘ گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔کوئٹہ میں نجی ٹی وی کے کیمرہ مین خرم شہزاد کے گھر میں فائرنگ کے نتجے میں اس کی اہلیہ سائرہ اوراڑھائی سالہ بیٹا عثمان زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ کوہلو کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید‘ دوسرا زخمی ہو گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرہ میلہ کوہاٹ میں سرچ آپریشن کے دوران غاروں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ اسلحہ میں مارٹر گولے‘ راکٹس‘ پریشر ککر بم‘ بارودی مواد شامل ہیں۔علاوہ ازیں ایف سی نے ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے چھتر میں کارروائی میں 113 گولے‘ 12 کارتوس اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا۔
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان میں امریکی سفارت خانہ کے ترجمان نے کرم ایجنسی میں ڈرون حملہ کے بارے میں وزارت خارجہ کے اس بیان پر کہ امریکی فورسز نے کرم ایجنسی میں افغان مہاجرین کے کیمپ پر حملہ کیا ہے، ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فورسز نے کسی افغان مہاجر کیمپ پر حملہ نہیں کیا۔ ترجمان سے نوائے وقت نے استفسار کیا کہ یہ حملہ کہاں ہوا تو ترجمان نے مزید تبصرہ سے انکار کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن