• news

سینٹ: لا اینڈ جسٹس کمشن ترمیمی بل منظور‘ ا ن کیمرہ بریفننگ لیکس پر 30 روزہ معطلی ہو گی

اسلام آباد( وقائع نگار +نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین رضا ربانی کی زیرصدارت سینٹ اجلاس ہوا۔ چیئرمین سینٹ نے امریکی ڈرون حملے کی شدید مذمت کی۔ وزارت داخلہ نے اپنے تحریری جواب میں بتایا نادرا کے پاس ایک لاکھ 19 ہزار 509 غیر قانونی تارکین وطن رجسٹرڈ ہیں۔ خیبر پی کے میں 560، پنجاب میں 4423، سندھ میں ایک لاکھ 13 ہزار 509 غیر قانونی تارکین وطن ہیں۔ 58 ہزار 307 جعلی یا مشکوک شناختی کارڈز کی نشاندہی ہوچکی ہے۔ پنجاب میں 17 ہزار 438، سندھ میں 13 ہزار 870، بلوچستان میں 11 ہزار 603، خیبر پی کے میں 10 ہزار 200، فاٹا میں 3 ہزار 626، اسلام آباد میں 88، آزاد کشمیر میں 702، گلگت بلتستان میں 46 جعلی شناختی کارڈز کی نشاندہی کی گئی، وزارت داخلہ نے ملک میں لاپتہ افراد کی تفصیلات سینٹ میں پیش کیں۔ لاپتہ افراد کمیشن کو 2011ء سے اب تک 4608 شکایات ملیں۔ لاپتہ افراد کمشن کو موصول 3076 معاملات نپٹا دئیے گئے۔ لاپتہ افراد میں سے 2306 کا پتہ لگا لیا گیا ہے۔ ملک میں 2013ء سے اب تک دہشت گردی کے 5992 واقعات ہوئے۔ دہشت گردی کے واقعات میں 5244 افراد کی اموات ہوئیں۔ دہشت گردی کے واقعات میں 14 ہزار 209 افراد زخمی ہوئے اور 1942 سکیورٹی اہلکار‘ 3302 سویلین جاں بحق ہوئے جبکہ زخمیوں میں 3664 سکیورٹی اہلکار اور 10 ہزار 545 سویلین شامل ہیں۔ وزارت دفاع نے سینٹ کو بتایا افغان سرحد پر 150 کلومیٹر پر باڑ لگانے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ بلوچستان میں افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام فروری میں شروع کیا جائے گا۔ سینیٹر رحمان ملک نے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کھولنے میں تاخیر پر توجہ نوٹس دلائو نوٹس پر بات کی۔ وفاقی وزیر شیخ آفتاب نے کہا نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر اندرونی کام 98 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ ائیرپورٹ کے قریب 2 ڈیمز اور 11 ٹیوب ویلز قائم کئے گئے ہیں۔ ائیرپورٹ کھولنے میں تاخیر کی وجہ دو سڑکوں کی تعمیر کا مکمل نہ ہونا ہے۔ میٹرو بس مکمل نہ ہونا بھی ائیرپورٹ نہ کھولنے کی وجہ ہے۔ اے پی پی کے مطابق سینٹ نے لاء اینڈ جسٹس کمشن آف پاکستان (ترمیمی بل2017ئ) کی منظوری دے دی۔ صباح نیوز کے مطابق ایوان بالا میںچیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں قائم قانون و انصاف کمشن کے ایکٹ میں ترمیمی بل 2017ء کی منظوری دے دی گئی ۔وزیر قانون و انصاف چوہدری محمود بشیر ورک نے بل پیش کیا۔ ایوان نے اتفاق رائے سے منظوری دی ترمیم کے تحت انصاف کی فراہمی کے ترقیاتی فنڈمیں اسلام آباد کو بھی شامل کرلیا گیا اسلام آباد کی عدالتوں کے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے سمیت وفاقی دارالحکومت کے مستحق افراد کی قانونی مدد کے لئے امداد جاری کی جاسکے گی ۔ چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے مستقبل میں خفیہ کارروائی کی لیکس پر متعلقہ سینیٹر کو30دنوں کے لئے معطل کرنے کا انتباہ کردیا۔ چیف آف آرمی سٹاف کی ایوان بالا کو بند کمرے کے اجلاس کی بریفنگ کوظاہر کرنے والوں کو وارننگ جاری کردی گئی۔ انہوں نے نیشنل بینک میں ترقیوں میں بے قاعدگیوں کا معاملہ تحقیقات کے لئے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بھجوا دیا۔ چیئرمین رضا ربانی نے حکم جاری کیا آئندہ کوئی ان کیمرہ اجلاس کی کارروائی سے متعلق معلومات افشا کرے گا تو اس کی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں پیشی ہو گی۔ کمیٹی سزا کے طور پر مسلسل 30 دن تک ایوان کے اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد کرسکتی ہے۔ رضا ربانی نے واضح کیا ہے کہ ہم نے پالیسی سازی کرنی ہے یا حساس معاملات پر ان کیمرہ اجلاس میں غور کرنا ہے، تو ایسا کرنا ضروری ہوگا ۔ ان کیمرہ اجلاس کی کارروائی کے حوالے سے معلومات باہر فراہم کرنا درست نہیں۔ بعدازاں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے اس سلسلے میں قواعد و ضابطہ کار و انصرام کارروائی سینٹ 2012ء میں نیا قاعدہ 255 الف شامل کرنے کی تحریک پیش کی۔ تحریک میں کہا گیا ہے کوئی رکن یا کوئی شخص خاص طور پر جو ان کیمرہ کارروائیوں میں شریک ہو، انہی کارروائیوں یا ان کے کسی حصے سے معلومات یا تاثرات یا تقریروں یا اس میں دی گئی رائے کو افشا کرتا ہے تو ایسا رکن یا شخص جو بھی صورت ہو، ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں پیش ہوگا اور ان سے منسوب انکشافات سے متعلق وضاحت کے لئے مناسب موقع دینے کے بعد انہیں ایوان کی زیادہ سے زیادہ مسلسل 30 اجلاسوں تک معطل کیا جا سکتا ہے۔ ایوان نے تحریک کو اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔ ایجنڈے میںسینیٹر مختار عاجز کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے بتایا نیشنل بینک میں 7 ہزار سے زائد افسران اور اہلکاروں کی ترقی کا معاملہ زیر غور ہے جن میں سے 2335 اہلکاروں اور افسران کو ترقی دی گئی۔ اس معاملے پر کچھ شکایات موصول ہوئیں جس پر قومی اسمبلی کی سلیکٹ کمیٹی نے غور کیا۔ ترقی میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوا۔ چیئرمین نے کہا اس معاملے میں شفافیت کی کمی نظر آتی ہے اس لئے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ ایک ماہ میں تحقیقات کر کے اس کی رپورٹ پیش کرے۔

ای پیپر-دی نیشن