• news

قصور واقعہ میں طاقتور لوگ ملوث، رانا ثنا نے ویڈیو سکینڈل کی تحقیقات رکوائی: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ قصور ویڈیو سکینڈل پر مضبوط جے آئی ٹی تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ زینب کے قاتل کی گرفتاری کے بعد مضبوط اور منظم گروہ کے آثار مل رہے ہیں۔ ملزم کے بے شمار بنک اکائونٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طاقتور لوگ ملوث ہیں۔ ایک مضبوط جے آئی ٹی قصور کے ویڈیو سکینڈل کی بھی تحقیقات کرے۔ رانا ثناء اللہ نے ویڈیو سکینڈل کو زمین کا جھگڑا قرار دیکر بند کرا دیا تھا۔ سنسنی پھیلانے کی بجائے مستند جے آئی ٹی کی تشکیل کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے توجہ دینے پر چیف جسٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں عمران نے کہا کہ حکومت قبل از وقت اسمبلیاں نہیں توڑتی اور مدت پوری کرتی ہے تو اس کا فائدہ تحریک انصاف کو ہو گا۔ لعنت کے معاملے پر ایسا لگا جیسے اسمبلی پر ایٹم بم پھینک دیا ہو۔ زرداری قوم کے اتنے ہی بڑے مجرم جتنے نواز شریف ہیں۔ شادی کب ہوئی بشریٰ بی بی کا خاندان ہی بتا سکتا ہے۔ لعنت لفظ قرآن میں استعمال ہوا لہذا لعنت لفظ کوئی گالی نہیں۔ قران پاک میں جھوٹے اور ظالم پر اللہ کی لعنت کا کہا گیا ہے۔ خورشید شاہ تو مسلم لیگ (ن) کے نمائندے ہیں، اپوزیشن لیڈر حکومت کو مشکل وقت بھی دے سکتا ہے اور حکومت کے ساتھ مل کر مال بھی کھا سکتا ہے۔ مال روڈ پر احتجاج پارٹی پاور شو نہیں تھا۔ صرف طاہر القادری کے ساتھ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے انصاف کے لئے طاہر القادری کے ساتھ کھڑے ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن