شہباز شریف کی ملاقات‘ حمید سیالوی نے احتجاجی تحریک ختم کر دی
لاہور+ساہیوال+سرگودھا+منڈی بہائو الدین (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) وزیراعلیٰ شہبازشریف سرگودھا میں آستانہ عالیہ سیال شریف گئے اورسجادہ نشین پیر حمیدالدین سیالوی سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعدپیر حمید الدین سیالوی کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میںشہبازشریف نے کہا کہ میری درخواست پر سیالوی صاحب نے شروع کی گئی احتجاج کی تحریک ختم کردی ہے تاہم پرامن سیرت النبیؐاورختم نبوتؐکانفرنسزہوں گی،جن میں ہر مسلمان کو حصہ لینا چاہیے۔ ختم نبوتؐ ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے اوراس کے بغیر کسی مسلمان کا عقیدہ مکمل نہیں ہوتا۔ختم نبوتؐ پر ہم سب کا لازوال اعتماد اوراعتقاد ہے ۔قادیانی دائرہ اسلام سے خارج ہیں اس میں کوئی دورائے نہیں ۔پاکستان کے آئین نے بھی اس حوالے سے واضح طورپر فیصلہ دیا ہے ۔ معاملات اور تمام امورکے حوالے سے کمیٹی بنائی گئی ہے،جس کا پہلا اجلاس اگلے ہفتے لاہور میں ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں یہاں حاضر ہونے کیلئے بے تاب تھا تاہم ہر چیز کا وقت مقرر ہوتا ہے ۔ حمید الدین سیالوی کیساتھ میرا مروت ،مہربانی اور محبت کا رشتہ موجود ہے تاہم بعض سیاسی مخالفین اوربعض مذہبی طبقات نے ہمارے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کی۔میری درخواست پر حمید الدین سیالوی صاحب نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیاہے۔ اس حوالے سے جو استعفے تھے وہ اب واپس ہو گئے ہیں - میرا اور میرے خاندان کا سیال شریف کے خاندان سے دیرینہ تعلق ہے اور سیال شریف کی خدمات نا قابل فراموش ہیں - قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور پیر حمید الدین سیالوی کے درمیان ملاقات ہو ئی جس میں تمام امور کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا- وزیراعلیٰ نے کہا مسلم لیگ(ن) کی حکومت ختم نبوتؐ کے عقیدے پر غیرمتزلزل ایمان رکھتی ہے۔ ہر مرحلے میں عقیدہ ختم نبوتؐ کے ساتھ اپنی دلی وابستگی کا اظہار کیا ہے اورختم نبوتؐ ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے اورناموس رسالتؐ پر ہر مسلمان جان قربان کرنے کیلئے تیار ہے۔غلام بی بی بھروانہ، مولانا رحمت اللہ ، نظام الدین سیالوی اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں- محمد شہبازشریف نے ضلع منڈی بہاؤالدین کا دورہ کیا اورملکوال میں 23ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اورسنگ بنیاد رکھا۔وزیراعلیٰ نے ڈنگہ منڈی بہاؤالدین سڑک کی تعمیر اوررسول کے ٹیکنیکل کالج کو یورنیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں جلد دوبارہ یہاں آؤںگا اور اس یونیورسٹی کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھوں گا۔وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اورسنگ بنیاد رکھنے کے بعد ملکوال میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ عوام کا ٹھاٹیں مارتا ہوا سمندر اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ2018ء کے انتخابات میںمسلم لیگ(ن) دوبارہ کامیاب ہوگی۔ لیہ میں نے وہاں کے عوام کو موبائل ہسپتال کا تحفہ دیا اور آج منڈی بہاؤالدین کے عوام کیلئے موبائل ہسپتال کا تحفہ لایا ہوں ۔یہ موبائل ہسپتال منڈی بہاؤالدین کے دوردراز اورپسماندہ علاقوں کے لوگوں کو ان کے گھر وں کی دہلیز پر علاج اورتشخیص کی جدید سہولتیں دن رات مہیا کرے گا، میں 2013ء میں انتخابات کے موقع پر یہاں آیا تھا اوروعدہ کیا تھا کہ محمد نوازشریف کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے بجلی کے پھیلائے ہوئے ۔اندھیروں کو ختم کریں گے۔آج دوبارہ یہاں آیا ہوں ،ساڑھے چار سال میں ملک سے بجلی کے اندھیرے دور کردیئے ہیں۔15سال بجلی نہ ہونے کی بنا پر قومی معیشت کو بے حد نقصان ہوا،ملک کی صنعت اورزراعت تباہ ہوئی۔سندھ، پی کے اوربلوچستان کے پاس تو گیس موجود تھی لیکن پنجاب کے پاس نہ بجلی تھی اورنہ ہی گیس،جس کی بنا پر پنجاب کی صنعتیں تباہ ہوئیں،لوگوں کے گھر اندھیروں میں ڈوبے ہوئے تھے،زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے بجلی نہیں تھی۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی دن رات کی محنت سے ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگے ہیں۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت چین نے بھی ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے ، چند سال قبل زرداری صاحب نے کہا کہ سی پیک کامنصوبہ میںنے بنایا،قوم جاننا چاہتی ہے کہ اگرآپ نے سی پیک کے منصوبے پر دستخط کیے تھے تو پھر منصوبوں کا سنگ بنیاد کیوں نہ رکھا؟ مسلم لیگ(ن) کے دورے حکومت میں ہی سی پیک کے منصوبے شروع ہوئے اورپایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں۔ عمران خان نیازی ہیں جو دن رات جھوٹ بولتے ہیں ،الزامات لگاتے ہیں۔2013ء میں ایک انٹرویو میں اسی نیازی صاحب نے کہا کہ میں کے پی کے کو بجلی میں خود کفیل بنادوں گا اورپاکستان کو بھی بجلی فراہم کروں گا۔۔مگر خان صاحب آج تک یہاں ایک کلو واٹ بجلی بھی پیدا نہ کر سکے۔خان صاحب نے دن رات جھوٹ بولا،الزامات لگائے ،دھرنے دیئے،احتجاج کیے ،لاک ڈاؤن کیے جبکہ ہم نے دن رات عوام کی خدمت کی اورملک سے بجلی کے اندھیرے ختم کئے ہیں ۔نیازی صاحب نے مجھ پر الزام لگایا کہ میں نے جاوید صادق سے 27ارب روپے رشوت لی اوریہ بھی الزام لگایا کہ میں نے انہیں پاناما کیس میں 10ارب روپے رشوت دی۔میں عدالت میں گیا ، خان صاحب عدالت میں پیش ہونے کی بجائے تاریخ پر تاریخ لیتے رہے۔کبھی یہ الزام لگاتے رہے کہ فلاں شخص نے تین سو ارب روپے کی کرپشن کی۔میںلاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ہائی کورٹ کا ایک بنچ بنادیں جو چند دنوں میں مجھ پر لگائے گئے الزامات کا فیصلہ کردے۔اگر میں نے رشوت دی یا کھائی تو میں توبہ کر کے گھر چلا جاؤں گا اوراگرنیازی صاحب نے جھوٹ بولا ہے تو وہ پھر سیاست چھوڑ دیںتاکہ پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ ہوجائے۔ اب عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں جھوٹا،مکاراورقوم کا وقت برباد کرنے والالیڈر منظور ہے ،کیا احتجاج ،لاک ڈاؤن ،دن رات دھرنے دینے والا،جھوٹ ،منافقت اورالزام تراشی کی سیاست کرنیوالے کو پاکستان کی نمائندگی کا حق حاصل ہے ؟ 2018ء کا انتخابات آنے والا ہے اور عوام نے سوچ سمجھ کر اللہ تعالیٰ سے رجوع کر کے فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں خدمت کرنے والی سیاسی قیادت چاہیے یا پھر جھوٹ بولنے والے نیازی صاحب یا لوٹ مار کرنے والے زرداری صاحب چاہئیں۔ سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے زرداری صاحب کہتے ہیں کہ میں شریف خاندان کی کرپشن کا حساب لینے آیا ہوں ۔پہلے آپ اپنی کرپشن کا حساب دیں کہ آپ نے کس طرح قومی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ۔اس علاقے میں پیپلزپارٹی کا ایک سابق نامورشخص رہتا ہے جس نے ای او بی آئی کے سکینڈل میں اربوں روپے کی خورد برد کی ۔ اسے زرداری صاحب کی پشت پناہی حاصل تھی لیکن آج یہ شخص پی ٹی آئی میں بیٹھا ہے۔ زرداری ،خان صاحب اور طاہر القادری کو ترقی پر تکلیف ہورہی ہے اورمجھ پر حملے کرتے ہیں،میں ان کا بھر پور مقابلہ کروں گا۔ چنیوٹ میں 2007ء میں پنجاب میں پرویز الہٰی کی حکومت جبکہ مرکز میں جنرل مشرف کی حکومت نے چنیوٹ میں لوہے کے ذخائر پر ڈاکہ زنی کوشش کی ۔ ، جن لوگوں نے اس قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی انہوںنے اس غریب قوم کے ساتھ بڑا ظلم کیا ۔جب اللہ تعالیٰ روزقیامت مجھ سے پوچھے گا کہ شہبازشریف تو نے کیا کیا؟تو میں اللہ تعالیٰ سے درخواست کروں گا کہ یا اللہ مجھے معاف کردے میں نے غریب قوم کا خزانہ کرپٹ افراد کے جبڑوں سے نکال کرغریب قوم کے قدموں پر نچھاور کیا۔ اگر آپ نے دوبارہ ہمیں خدمت کا موقع دیا اورمجھے خادم پاکستان چنا ، منڈی بہاؤالدین کو فیصل آباد کے برابر ترقی نہ دی تو میرا نام بدل دینا۔ شوگر مل والے کسانوں سے ظلم و زیادتی کررہے ہیں میں ہر روز میٹنگ لیتا ہوں کل میں نے ایک مل مالک کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔انشاء اللہ کسانوں کو گنے کی مناسب قیمت دلا کر رہوں گا چاہے کچھ بھی ہوجائے ۔کاشتکاروں کا حق چھیننے والا کوئی مل مالک ہو یا مینجر، اسے جیل جانا پڑے گا۔میں ہر قیمت پر کاشتکاروں کے حق کا تحفظ کروں گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو شخص دن کے ایک بجے سو کر اٹھتا ہے اس نے کام کیا کرنا ۔دیر تک سو کر اٹھنے والے نیازی صاحب شام کو جھوٹ اورالزام تراشی شروع کردیتے ہیں ۔دوسری جانب زرداری صاحب ہیں جنہوںنے پاکستان کی دولت لوٹ کر سرمحل بنایا ہے اورسوئٹزر لینڈ میں اس کے چھ ارب روپے پڑے ہوئے ہیں۔اگر عوام نے ہمیں2018ء کے انتخابات میں دوبارہ خدمت کا موقع دیا اورمجھے خادم پاکستان بنایاتواس قوم کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی واپس لاؤں گا۔وزیر مملکت ممتاز احمد تارڑ، صوبائی وزیر حمیدہ وحیدالدین ، ایم این اے ناصر اقبال بوسال ، چیئرمین ضلع کونسل منڈی بہائوالدین غلام حسین بوسال اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور عوام الناس کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود تھی۔شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس جس میں صوبے کی ترقی اور عوام کو سہولتوں کی فراہمی اقدامات کا جائزہ لیا گیا-وزیراعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اچھی طرز حکمرانی ، شفافیت اور میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے اورصوبے بھر میں مکمل کئے گئے منصوبے شفافیت، معیار اور برق رفتاری سے تکمیل کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں شہباز شریف نے نیوز لینڈ کیخلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں شاندار کامیابی پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ رکن قومی اسمبلی رانا شمیم احمد خان کے بھائی، ڈان گروپ کی چیئرپرسن امبر ہارون سہگل کے شوہر معروف صنعتکار اعظم سہگل، ایم پی اے منور گل کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔