بیٹنگ چل پڑی پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسراٹی ٹونٹی 48 رنز سے ہرا دیا
لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان نے ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو 48 رنز سے شکست دیدی ۔نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 153 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور منرو نے کیا تاہم اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 25 کے مجموعی اسکور پر منرو ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے، ون ڈاؤن آنے والے کھلاڑی کین ولیمسن بغیر کوئی رن بنائے ا?ؤٹ ہوگئے۔اوپنر مارٹن گپٹل بھی صرف 26 رنز بناکر 52 کے مجموعی سکور پر وکٹ گنوا بیٹھے، نیوزی لینڈ کی آدھی سے زیادہ ٹیم صرف 64 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد مچل سنٹنر اور بین وہیلر نے ٹیم کا سکور 118 رنز تک پہنچایا تاہم دونوں کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور آؤٹ ہوگئے، مچل سنٹنر نے 37 اور بین وہیلر نے 30 رنز بنائے۔دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کیویز کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر تک کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم 153 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، محمد عامر اور شاداب خان نے 2 جبکہ حسن علی اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور احمد شہزاد نے کیا، دونوں اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 94 رنز کی شراکت قائم کی تاہم احمد شہزاد 44 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ فخرزمان نے نصف سنچری سکور کی اور 96 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے‘انہوں نے28گیندوں کا سامنا کیا‘پانچ چوکے اورتین چھکے لگائے۔اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کی قیادت کپتان سرفراز احمد اور بیٹسمین بابر اعظم نے سنبھالی، دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 91 رنز کی شراکت قائم کی تاہم سرفراز احمد 187 کے مجموعی سکور پر 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ بابر اعظم نے صرف 29 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی اور ناقابل شکست رہے۔ فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔تین میچوںکی سیریز برابر ہو چکی ہے اور فیصلہ کن میچ پرسوں دن گیارہ بجے کھیلا جائے گا۔