• news

ملک ٹیک آف پوزیشن میں‘ پائلٹ تبدیل ہو تو اڑان متاثر ہوتی ہے: احسن اقبال

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں) وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے چودھری نثار کا احترام کرتا ہوں۔ یہ ان پر ہے وہ کس سے اختلاف کرتے ہیں۔ رائو انوار کی گرفتاری کیلئے متعلقہ ادارے کام کر رہے ہیں۔ کسی ایسے شخص کو ویزا نہیں دیں گے جو پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہو۔ پاکستان کی سکیورٹی سے متعلق محتاط ہیں، کسی طور غفلت نہیں کر سکتے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کراچی سے پشاور تک ریلوے کو جدید بنانے کے منصوبے سی پیک کے تحت معاہدہ طے پا گیا ہے۔ ایم ایل ون کا سنگ بنیاد اگلے دو تین ماہ میں رکھ دیا جائیگا۔ منصوبے پر آٹھ ارب 20 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ مغربی روٹ کیلئے زمینوں کی خریداری کی ہدایت کر دی۔ ملک ٹیک آف مرحلے میں آگیا۔ پائلٹ تبدیل ہو تو اڑان متاثر ہوتی ہے۔ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) ہی حکومت بنائے گی۔ چینی باشندوں کو اے ٹی ایم چوری کے اکا دکا واقعات کے تناظر میں نہ دیکھیں۔ چین نے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ پاکستان جلد امریکہ‘ جاپان اور چین کے برابر مقام حاصل کر لے گا۔ ہمارا مقابلہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہے۔ آئی این پی کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میںنیشنل اسسمنٹ سسٹم کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں اپنے نصاب پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ جدید سائنسی علوم اور کمپیوٹر کی تعلیم کو عام کرنا ہوگا۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے اساتذہ اور تربیت کی کمی کو دور کیا جا سکتا ہے۔ این این آئی کے مطابق ریڈیو پاکستان کے آڈیٹوریم میں صوت القرآن چینل کی 20 ویں سالگرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا قرآن مجید صرف الہامی کتاب نہیں بلکہ اسلام کے اندر ہوتے ہوئے ہماری زندگیوں کیلئے بہترین روڈ میپ ہے۔ قرآنی تعلیمات سے دوری سے فکری انتشار اور مذہب سے بیزاری کی شکل میں انتہاپسندی جیسے مسائل نے جنم لیا۔

ای پیپر-دی نیشن