• news

شہبازشریف کا پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو مزید اَپ گریڈ کرنے کا حکم 49 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی

لاہور (کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو مزید اَپ گریڈ کرنے کا حکم دیتے ہوئے فنگر پرنٹس فوری شناخت کرنے والا سسٹم خریدنے کی ہدایت کردی جس پر 49 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئیگی۔ بتایا گیا کہ زینب قتل کیس کے بعد پنجاب حکومت نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو مزید اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس تناظر میں فوری طور پر آٹومیٹک فنگر پرنٹس ایڈینٹیفکیشن سسٹم کی خریداری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فنگر پرنٹس کیلئے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں چالیس رول سکینرز کی تنصیب کی جائیگی۔ اسکے تحت جیلوں میں آنے والے قیدیوں کا ڈیٹا بیس تیار کیا جائیگا جس کی مدد سے فوری طور پر ملزم کی شناخت کی جا سکے گی۔ بتایا گیا ہے کہ اس سسٹم کے تحت صرف 30 سیکنڈ میں ایک کروڑ افراد کے فنگر پرنٹس میچ کئے جا سکیں گے۔ امن و امان کی کابینہ کمیٹی نے ابتدائی طو رپر اس منصوبے کی منظوری دیدی ہے اور محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سسٹم کی فوری خریداری کی جائیگی اور اس منصوبے کو حتمی منظوری کیلئے صوبائی ترقیاتی بورڈ میں پیش کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن