• news

مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، شہبازشریف کی درخواست پر مزید مہلت دی: صاحبزادہ حامد

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ شہباز شریف کی درخواست پر حکومت کو مزید مہلت دی ہے۔ ختم نبوت قانون بدلنے والی پارلیمنٹ قابل احترام نہیں ہوسکتی۔ مطالبات کی منظوری کیلئے بنائی گئی کمیٹی اپنی رپورٹ حکومت پنجاب کو ارسال کریگی۔ 2018ء کے الیکشن کو ان کا یوم حساب بنائیں گے۔ مطالبات پورے نہ ہوئے تو ملکی امن کی خاطر تحریک کا پرامن انداز بدلنے پر مجبور ہو جائیں گے۔پوری قوم پیر سیال شریف کے نفاذ شریعت اور رانا ثنا کے استعفیٰ کے مطالبے کی حامی ہے۔ انتخاب سے پہلے احتساب ضروری ہے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون انصاف کے لئے دہائی دے رہا ہے۔ متحدہ اپوزیشن میں ڈبل گیم کرنیوالا زیرو ہوجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواجہ حمیدالدین سیالوی سے ٹیلی فونک گفتگوکے دوران کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ تخت گرانے اور تاج اچھالنے کا وقت قریب ہے۔ تاج اور راج والوں کی بادشاہت ختم ہونے والی ہے۔ بے رحم احتساب سے ہی جمہوریت مستحکم ہوسکتی ہے۔ ناکام لیگ کی نااہل حکومت ساڑھے چار سالوں میں عوام کو وعدوں سے بہلا رہی ہے۔ نواز شریف کی عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ پوری قوم عدلیہ اور فوج کے ساتھ ہے۔ ملک میں جمہوریت کے نام پر لوٹ کھسوٹ کا نظام چل رہا ہے۔اپنے مطالبات کی منظوری کے علاوہ کو ئی آپشن موجود نہیں۔ علماء و مشائخ کے ہر فیصلے کو مانیں گے۔ احتجا ج کی کال دی گئی تو ایک گھنٹہ میں پورا پنجاب بند کردیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن