زینب قتل کیس: پریس کانفرنس میں شہبازشریف کو تالیوں کی بجائے افسوس کرنا چاہئے تھا: شہلا رضا
کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور سندھ اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر شہلا رضا نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی جانب سے زینب قتل کیس میں ملزم کی گرفتاری سے متعلق پریس کانفرنس کے دوران پولیس افسران کیلئے تالیاں بجانے کو ایک نامناسب عمل قرار دیدیا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ زینب سے قبل 11 معصوم بچیوں کے ساتھ اسی علاقے میں زیادتی کی گئی لہٰذا شہبازشریف کو تالیاں بچانے کے بجائے ان واقعات پر افسوس کرنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس پولیس کی پوری قوم کے سامنے تعریف کی گئی یہ وہی پولیس ہے جو اڑھائی سال سے ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔ یہاںتک کہ زینب کی لاش ملنے کے بعد اسی نے 10 ہزار روپے بطور انعام مانگے تھے۔ ہم سمجھتے ہیں وزیراعلیٰ کو اہلکاروں کی تعریف نہیں سرزنش کرنی چاہئے تھی۔ سپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ ہمیں خوشی اس وقت ہوتی جب وزیراعلیٰ براہ راست اہلکاروں کو کہتے کہ ان کی غفلت کے باعث قصور میں 12 بچیوں کے ساتھ ایسے واقعات پیش آئے۔