• news

ویسٹ انڈیز کے4 کھلاڑیوں کی ’قومی ٹیم پر پی ایس ایل کو فوقیت

بارباڈوس (سپورٹس ڈیسک )ویسٹ انڈیز کے چار سینئرکھلاڑیوں نے 2019 میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کھیلے جانے والے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے سے معذرت کر لی ہے اور قومی ٹیم کے بجائے پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کو فوقیت دی ہے۔ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے چار مارچ سے زمبابوے میں شروع ہونے والے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا لیکن کیرون پولارڈ، سنیل نارائن، ڈیرن براوو اور آندرے رسل اس ٹیم میں شامل نہیں ہیں، کیونکہ انھوں نے ویسٹ انڈیز بورڈ کو مطلع کیا ہے کہ وہ 22 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل میں شرکت کرنے کو ترجیح دیں گے۔یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کے متعدد کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کے دونوں ایڈیشنز میں شرکت کی تھی اور گذشتہ سال کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کی قیادت بھی ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی کے پاس تھی۔سیمی کے علاوہ مارلن سیموئلز بھی ٹیم کا حصہ تھے اور دونوں نے لاہور میں ہونے والے فائنل میں شرکت کی تھی۔لیکن اس سال مارلن سیموئلز قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے اور ان کے علاوہ ماضی میں پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے کرس گیل اور کارلوس بریتھ ویٹ بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز گروپ اے میں شامل ہے اور وہ اپنا پہلا میچ چھ مارچ کو کھیلے گا۔ دوسری جانب پی ایس ایل تھری کا آغاز متحدہ عرب امارات میں 22 فروری سے ہو گا ۔

ای پیپر-دی نیشن