اومان میں 3 ملکی ہاکی ٹورنامنٹ، قومی ٹیم کے ٹرائلز کا شیڈول جاری
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اومان میں کھیلے جانے والے تین ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کے ٹرائلز کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی میں جاری ہے۔ پاکستان ٹیم کی لائن اپ کو فائنل کرنے کے لیے دو روزہ ٹرائلز 31 جنوری اور یکم فروری 2018ء کو منعقد ہونگے جس کے لیے سلیکشن کمیٹی کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیکر ایک بہترین ٹیم تشکیل دی جائے۔ مسقط اومان میں منعقد ہونے والے تین ملکی ٹورنامنٹ میں میزبان اومان کے علاوہ پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں شرکت کرینگی۔ ٹورنامنٹ میں جنوبی کوریا کی ٹیم نے بھی شرکت کرنی تھی لیکن بعض وجوہات کی بنا پر کوریا نے ٹورنامنٹ میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ تین ملکی ٹورنامنٹ 14 سے 20 فروری تک سلطان قابوس سپورٹس کمپلیکس مسقط میں کھیلا جائیگا۔ فائنل سے قبل تینوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو دو میچز کھیلیں گی۔