پاکستان بار کونسل کے الیکشن کامران مرتضیٰ وائس چیئرمین غلام شبیر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی منتخب
اسلام آباد( نمائندہ نوائے وقت ) سال 2018 کے لئے کامران مرتضیٰ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اور غلام شبیر سحر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی منتخب ہو گئے ہیں، اٹارنی جنرل وچیئرمین کونسل (الیکشن ریٹرننگ آفیسر) نے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اٹارنی جنرل و پاکستان بار کونسل کے چیئرمین اشتر اوصاف علی کی سربراہی میں کونسل کی 2سو 22ویں میٹنگ سپریم کورٹ بلڈنگ اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں کونسل کے وائس چیئرمین احسن بھون سمیت 23 ممبران نے شرکت کی۔ ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں پی بی سی کے وائس چیئرمین اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی الیکشن برائے سال 2018 کے حوالے سے بحث کی گئی، جس کے بعد دو سیٹوں وی سی اور سی ای سی کے لئے الیکشن 2018ء ہوئے۔ وائس چیئرمین کے لئے دو امیدواروں میں خفیہ رائے دہی کے ذریعے مقابلہ ہوا۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے امیدوار کامران مرتضیٰ نے13ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مخالف لاہور سے امیدوار اشتیاق احمد خان نے 9ووٹ حاصل کئے جبکہ گزشتہ سال 2017ء کے حفیظ الرحمن چوہدری نے سی ای سی کی نشست سے استتعفیٰ دے دیا۔