• news

پسرور: سردی سے ٹھٹھر کر15 سالہ معذور بھکاری لڑکا جاں بحق‘ ساتھی نعش کوڑے کے ڈھیر پر پھینک کر فرار

سیالکوٹ، پسرور (نامہ نگاران) تھانہ سٹی پسرور کے محلہ بہاد رپورہ میں سردی کی شدت کی وجہ سے 15 سالہ بھیک مانگنے والا معذور لڑکا جاںبحق ہوگیا جس کی نعش کوڑے کے ڈھیر پر پھینک کر ساتھی بھکاری فرار ہوگیا۔ پسرور کے محلہ بہادر پورہ کا دونوں ٹانگوں سے معذور نوجوان احسن گوجرانوالہ میں بھیک مانگتا تھا اسے ٹھیکیدار روزانہ سڑک پر مخصوص مقام پر بٹھا جاتا اور رات کو واپس لے جاتا تھا۔ گزشتہ روز ٹھیکیدار کو مبینہ طور پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے شراب نوشی کے الزام میں گرفتار کرلیا لہٰذا معذور نوجوان تمام رات سردی میں سڑک کنارے پڑا رہا جہاں سردی کی وجہ سے ٹھٹھر کر ہلاک ہو گیا۔ اس دوران جنگلی جانور اور کتے مبینہ طور پر اس کی نعش نوچتے رہے۔ دوسرے روزٹھیکیدار ضمانت پر رہاکر وہاں پہنچا تو احسن کی نعش وہاں پڑی تھی۔ ٹھیکیدار نے اسے وہاں سے اٹھایا اور پسرور میں اسکے گھر کے سامنے کوڑے کے ڈھیر پر پھینک کو رفوچکر ہو گیا۔ اہل محلہ کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو اپنی تحویل میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن