• news

کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں کرنے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے: گورنر سندھ

کراچی (کامرس رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بین الاقوامی کمپنیوں کے اعتماد کا اظہار ہے اور ان کا ایک بڑی تعداد کی جانب سے اپنی کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی خواہش ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے اچھی خبر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد منصور اور سیکریٹری جنرل عبدالعلیم سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد امن و امان سے منسلک ہوتا ہے۔ کراچی ملک کا معاشی و اقتصادی مرکز ہے کیونکہ 90 فی صد بین الاقوامی کمپنیوں کے صدر دفاتر یہاں واقع ہیں۔ کراچی میں ہونے والی کوئی بھی سرگرمی پورے ملک کو متاثر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی نقشہ پر کراچی کو نمایاں جگہ دلانے کے لئے مزید کاوشوں کی ضرورت ہے کیونکہ اگر کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔ اورسیز انویسٹرز چیمبر کی جانب سے سرمایہ کاری میں اضافہ کی خواہش کا اظہار نہایت خوش آئند ہے اور اس سے نہ صرف روزگار کے مزید مواقع پیداہوں گے بلکہ صنعتی پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا۔ چیمبر کے صدر خالد منصور نے کہا کہ کاروباری برادری صرف سازگار ماحول چاہتی ہے تاکہ مزید سرمایہ کاری کرسکے۔

ای پیپر-دی نیشن