سارک ممالک ایوان صنعت و تجارت کا اجلاس 6 فروری کو اسلام آباد میں ہو گا: افتخار ملک
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں تعاون تنظیم سارک ممالک ایوان ہائے صنعت و تجارت کی اعلیٰ سطحی ایگزیکٹو کمیٹی کا 73 واں جنرل اسمبلی کا22 واں اجلاس کی میزبانی کرے گا ۔ یہ اجلاس6 فروری کو اسلام آباد میں ہوں گے یہ بات سارک چیمبر کے پاک چیپٹر کے مسلسل6 مرتبہ نائب صدر منتخب ہونے والے افتخار علی ملک نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ سارک چیمبر کے صدر سوراج ویدیا دونوں اجلاسوں سے علیحدہ علیحدہ صدارت کریں گے جن میں رکن ممالک بشمول بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال، افغانستان، مالدیپ، بھوٹان اور پاکستان کے چیمبرز کے نائب صدور اور مندوبین شرکت کریں گے۔ اجلاسوں میں رواں سال کے دوران تجویز کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا اور 16 مارچ سے کھٹمنڈو میں ہونے والے سارک بزنس لیڈرز کے اجتماع کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں سارک چیمبر و چائنا بزنس کونسل اور سارک چیمبر کی تشکیل کیلئے حکمت عملی وضح کی جائے گی اور متفقہ طور پر منظوری دی جائے گی اور تمام شراکت داروں کو حتمی منظوری سے قبل اعتماد میں بھی لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سارک رکن ممالک سے سارک چیمبرز کی رکنیت کی نئی درخواستوں کو منظوری کیلئے زیر غور لایا جائے گا۔