بھارت مسلسل پنگے لیتا ہے‘ پاکستان نے جواب دیا تو آنکھیں کھل جائیں گی: بلاول
ڈیووس (ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پاکستان کی فوج میری فوج ہے، اپنی بہادر افواج پر کسی صورت تنقید نہیں کر سکتا۔ پاکستان بھارت کے معاملات میں نہیں مگر بھارت ریاستی سطح پر پاکستان کے معاملات میں دخل اندازی کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں بلاول نے کہا کہ لوگوں کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرکے الیکشن پر الیکشن جیتنا کامیابی نہیں، بھارت لاکھ چھپائے سوشل میڈیا کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والا ظلم دنیا دیکھ رہی ہے۔ سرحد پار سیاست کے حوالے سے بلاول بھٹو کا کہنا تھا پاکستان میں یہ تاثر ہے کہ بھارت اپنے سیکولر تصور سے انتہاپسندی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ گجرات فسادات کے بعد مودی کی شخصیت کو پاکستان میں متنازعہ طور پر دیکھا جاتا ہے۔ مودی کی پاکستان آمد پر لوگ پرامید تھے لیکن وہ صرف شادی کی تقریب میں شرکت کرکے چلے گئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان سے متعلق ٹوئٹ میں اعداد و شمار غلط تھے۔ پاکستان کو امریکہ کی جانب سے ملنے والا اتحادی فنڈ دہشت گردی سے جنگ میں ان خدمات کے لئے تھا جو پاکستان پہلے ہی لڑ چکا تھا۔ شہباز شریف اور عمران خان اپنے انداز میں سیاست کرتے ہیں مگر میں اپنی والدہ کی سیاست کو آگے بڑھائوں گا۔ پاکستان نہیں بلکہ بھارت مسلسل ہمارے ساتھ پنگے لیتا رہتا ہے ، پاکستان نے جواب دیا تو پھر آنکھیں کھل جائینگی، اپنی بہادر افواج پر کسی بھی صورت تنقید نہیں کرسکتا، پاکستان آرمی دہشت گردوں کیساتھ لڑ رہی ہے، ہمیں انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے ایسی ہی مضبوط و باصلاحیت مسلح افواج کی ضرورت ہے، بھارت سمیت ہر جگہ انتہا پسند لوگ موجود ہوتے ہیں اسے اسلام سے نہیں جوڑا جاسکتا ،بی جے پی میں ایسے لیڈر بھی ہیں جو صرف الیکشن جیتنے کیلئے نفرت کی دیواریں کھڑی کر رہے ہیں۔ پاکستان بھارت کے معاملات میں نہیں بلکہ بھارت ریاستی سطح پر پاکستان کے معاملات میں ٹانگ اڑاتا ہے۔ ہم نے نیشنل ایکشن پلان بھی بنایا ہے جو ہر طرح کی انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ہے یہاں تک کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کوئی نفرت انگیز تقریر بھی نہیں کر سکتا۔ ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ہم اپنے بچوں کو کیا دے رہے ہیں، کسی بھی شخص کو معاشرے میں نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اور اگر ہم یہ کام کرنے میں کامیاب ہوگئے تو پھر انتہاپسندوں کیلئے کوئی جگہ باقی نہیں بچے گی۔ میانمار، بھارت، امریکہ اور پاکستان سمیت ہر جگہ انتہا پسند موجود ہیں، دنیا کے ہر مذہب میں انتہا پسند لوگ ہیں۔ بھارتی صحافی نے بلاول سے سوال کیا کہ فارغ وقت میں آپ کیا کرتے ہیں، میں نے سن رکھا ہے کہ آپ تائیکوانڈو میں بلیک بیلٹ بھی رہ چکے ہیں؟۔ اس پر جواب دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ بہت پرانی بات ہے، سیاست میں آنے سے پہلے تائیکوانڈو میں بلیک بیلٹ تھا لیکن اب میں تمام وقت سیاست میں ہی گزارتا ہوں۔