شہباز شریف ہی آئندہ وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے‘ ملک چلانے کی اہلیت رکھتے ہیں: احسن اقبال
لاہور/ نارووال (کامرس رپورٹر + نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ، پلاننگ، ڈویلپمنٹ و ریفارمز پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ شہباز شریف ہی 2018ء الیکشن میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے، ان کے نام پر پارٹی میں کوئی ابہام نہیں، وہ سارا ملک چلانے کے اہل ہیں۔ سینٹ اور قومی اسمبلی کے انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے، جو لوگ وقت سے پہلے الیکشن کی بات کر رہے ہیں وہ جمہوریت کے خلاف سازش کر رہے ہیں کیونکہ جولائی 2018 ء تک ملک میں ووٹر لسٹوں اور حلقہ بندیوں کا کام مکمل ہو گا، اس سے قبل انتخابات نہیں ہوسکتے، اقتصادی کامبابیوں کے باعث عوام مسلم لیگ (ن) کو دوبارہ آئندہ پانچ سال کے لئے منتخب کریں گے۔ میرے لیڈر محمد نواز شریف اعلان کر چکے ہیں کہ 2018کے الیکشن میں محمد شہباز شریف وزیر اعظم ہونگے اس بارے میں پارٹی میں مکمل یکسوئی ہے محمد شہباز شریف نے پنجاب میں ترقیاتی حکمت عملی سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی ہے اور وزیر اعظم بننے کے بعد وہ ملک کو اسی ترقیاتی حکمت عملی سے ترقی یافتہ ملک بنائیں گے۔ پاکستان دھرنوں کی دہشت گردی کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہمیں وطن عزیز کو آگے لے جانے کیلئے اقتصادی مقابلے کی تیاری کرنی چاہئے، پہلے دھرنوں میں لاٹھی چارج ہوتا تھا لیکن اب عوام کی طرف سے مخالفین کے جلسہ میں خالی کرسی چارج ہو گیا، بدامنی پھیلانے والوں کو انتخابات میں مایوسی ملے گی، حال ہی میں ورلڈ اکنامک فورم نے ابھرتی ہوئی معاشیات کے حوالے سے پاکستان کو بھارت سے بہتر قرار دیا، گزشتہ سال جی ڈی پی گروتھ 5.3فیصد جبکہ رواں سال چھ فیصد کے لگ بھگ ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اپنی نوعیت کے پہلے نادرا سہولیاتی مرکز کا افتتاح کرنے کے موقع پر خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل نے بھی خطاب کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ دھرنوں کی دہشت گردی پاکستان کیلئے زہر ہے جس کا پاکستان متحمل نہیں ہو سکتا ہمیں وطن عزیز کو آگے لے جانے کیلئے اقتصادی مقابلے کی تیاری کرنی چاہئے۔ ملک میں بدامنی پھیلانے والوں کو 2018ء کے انتخابات میں مایوسی ملے گی کیونکہ قوم ترقی، امن، خوشحالی اور پالیسیوں کا تسلسل چاہتی ہے۔ ملک میں وقت سے پہلے انتخابات کی بات کرنیوالے جمہوریت کیخلاف سازش میں شریک ہیں لیکن عوام انکی سازش کو سمجھ چکی ہے اور اس نے جلسہ میں خالی کرسیوں کے ذریعے سازشوں کو ناکام بنا دیا۔ وقت پر انتخابات کا انعقاد کرا کر دنیا کو یہ پیغام دیں گے پاکستان میں اسمبلیوں کی پانچ سالہ مدت مسلسل دوسری بار پوری ہوئی ہے جس سے دنیا میں پاکستان کی عزت و تکریم بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آن ارائیول ویزا پالیسی نئی نہیں اس میں 24 ممالک کی منظوری 2013ء سے پہلے کی ہے لیکن یہ پالیسی مخفی تھی جس کو موجودہ حکومت نے شفاف بنا دیا ہے جس کے تحت پاکستان میں کاروباری افراد اور سیاحوں کو آنے میں سہولت ملے گی تاہم سکیورٹی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چیمبرز کو بھی یہ ذمہ داری دے گی کہ وہ اپنی سرٹیفکیشن موثر بنائیں اور چیمبرز جن کی نشاندہی کرینگے اس کو لانگ ٹرم ویزا بھی دیا جائے گا۔ قبل ازیں لاہور چیمبر کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 2013ء سے پہلے ملک کی معاشی حالت ہولناک تھی، دہشت گردی اور امن و امان کے حالات کی وجہ سے یہ خطرناک ملک سمجھا جاتا تھا، لوڈشیڈنگ بیس گھنٹے تک پہنچ چکی تھی جس نے صنعتوں کو تباہ کردیا، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی وجہ سے لوگ کراچی چھوڑ رہے تھے، بلوچستان میں قومی ترانہ پڑھنا اور پرچم لہرانا جرم بن چکا تھا، معیشت تین فیصد شرح نمو پر منجمد تھی جبکہ آئی ایم ایف 2014ء میں پاکستان کے دیوالیہ پن کی پیشگوئی کررہا تھا لیکن 2013ء میں مسلم لیگ ن کی حکومت برسراقتدار آنے کے بعد صورتحال نے بہت تیزی سے مثبت موڑ لیا۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق یونیورسٹی آف گجرات نارووال کیمپس میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا مسلم لیگ ن پاکستان کی ترقی اور مسقبل کی ضمانت بن چکی ہے اور پاکستان کی عوام ان پالیسوں کا تسلسل چاہتی ہے۔ کسی نے اس قافلے سے اپنا راستہ جدا کیا تو وہ قافلے سے کھو جائے گا مگر قافلہ نہیں رکے گے، ہم نے ہارس ٹریڈنگ کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا ہے اور اس طرح کی سیاست کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ پاکستان کے جمہوری عمل کیلئے نقصان دہ ہوگا، ہمارے ارکان اسمبلی بکائو مال نہیںجو خرید و فروخت کی منڈی میںاپنی بو لی لگوائیں، تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ میثاق جمہوریت میں کئے وعدوں کو جن میں اس ملک سے ہارس ریڈنگ کا خاتمہ اور صاف ستھری سیاست کو فروغ شامل تھا کو پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جتنی قربانیاں دی ہیں دنیا میں کسی نے نہیں دیں، اس لئے ہماری دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ اپنے مستقل کیلئے ہے۔ پاکستان کی سرزمین کو کسی گروہ کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتے جو پاکستان کے اندر یا کسی اور ملک کے اندر تخریب کاری کرے، اس وقت پاکستان میں تیس لاکھ مہاجرین رہ رہے ہیں، ہم نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کیلئے مراعات کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا رائو انوار کو بیرون ملک فرار ہونے سے ایف آئی اے اہلکاروں نے روکا جنہیں تعریفی اسناد دی گئی ہیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے بچوں پر تشدد کی روک تھام کیلئے آگاہی پروگرام میں شرکت کی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق احسن اقبال نے کہا آصف زرداری کے دور میں ہر ہفتے کروڑوں کے سکینڈل آتے تھے، آج ہر ہفتے نئے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح ہوتا ہے۔ عمران خان جھوٹ بولنے کا آئی جی ہے، وہ صادق اور امین ہوگیا۔ آصف زرداری نے ملک کو لوٹ کر تباہ کردیا، اب وہ فرشتہ ہوگیا۔ نواز شریف نے ملک کو ترقی دی اس کو مجرم بنا دیا گیا، یہ انصاف پاکستان کے عوام قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔