تیسرا ٹی 20 آج، قومی ٹیم کی پریکٹس، جیت کے لئے میدان میں اترینگے: بابر اعظم
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا فیصلہ کن میچ آج کھیلا جائے گا۔ سیریز ایک ایک سے برابر ہے ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن گیارہ بجے شروع ہوگا۔ گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کی تو رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر فائز ہو جائیگی ۔نیو زی لینڈ میں پاکستا نی ٹیم نے بھر پور ٹریننگ سیشن کیا۔ کوچز نے کھلاڑیوں کو بائولنگ ‘بیٹنگ اور فیلڈنگ کے گر سکھائے اور فیصلہ کن میچ میں کامیابی کیلئے حکمت عملی تیار کی ۔ قومی ٹیم کے دوسرے میچ میں فاتح سکواڈ کو برقرار رکھا جائیگا۔ اوول سٹیڈیم میں ٹی20 کا پہلا مقابلہ2016 میں ہوا تھا۔ اب تک 5 ٹی ٹونٹی مقابلے ہوئے ہیں ‘ کیویز نے صرف ایک ٹاس جیتا اور بیٹنگ کو ترجیح دی جبکہ باقی 4بار تمام ٹیموں نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیااور فیصلہ غلط ثابت ہوا۔اس گروانڈ میں پاکستان ٹیم پہلی بار ایکشن میں نظر آئیگی جبکہ نیوزی لینڈ ناقابل شکست ہے۔قومی ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور فیصلہ کن میچ جیتنے کیلئے میدان میں اتریں گے ۔ دوسرے میچ میں کامیابی نے کھلاڑیوں میں نیا عزم پیدا کیا ہے ۔ پہلے میچوں میں بہت غلطیاں ہوئی تھیں جس کی وجہ سے کامیابی نہیں ملی ‘خامیوں پر قابو پا رہے ہیں ۔ کوچز نے کامیابی کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے ۔ بلے باز وں نے جس طرح دوسرے میچ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اسی طرح چلے تو ضرور کامیاب ہونگے ۔کوشش ہوگی کی آخری میچ جیت کر سیریز کامیابی کے ساتھ اختتام کریں۔