• news

الیکشن ایکٹ پر عدم عمل درآمد پر پاکستان علماء کونسل کی رجسٹریشن منسوخ

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 پر عملدرآمد نہ کرنے پر پاکستان علماء کونسل کی رجسٹریشن منسوخ کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پاکستان علماء کونسل کے سابق چیئرمین حافظ طاہر اشرفی سے دو لاکھ روپے پارٹی اندراج فیس، انٹراپارٹی الیکشن کا سرٹیفکیٹ، پارٹی دستور کی پرنٹ شدہ کاپی، مرکزی وصوبائی عہدیداروں کی فہرست، دو ہزار ممبران کے شناختی کارڈ کی فوٹوکاپیاں اور دستخط شدہ ممبر شپ کی تفصیلات طلب کیں تھیں جو کہ وہ جمع نہ کرواسکے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی اور صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے پاکستان علماء کونسل کی2014ء میں رجسٹریشن کروائی تھی۔ گزشتہ سال پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ نے سابق چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کے غیر ملکی این جی اوز کے ساتھ معاہدوں سمیت غیر اخلاقی اور غیر آئینی اقدامات کے شواہد سامنے آنے پر جماعت سے نکال دیا تھا۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کے مطابق گزشتہ سال ہونے والے انٹرا پارٹی الیکشن اور مجلس شوریٰ کے فیصلوں سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا گیا تھااور مختلف درخواستوں میں الیکشن کمیشن سے استعدا بھی کی گئی کہ حافظ طاہر اشرفی کاالیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پرموجود نام بھی ختم کیا جائے اور جب تک الیکشن کمیشن حتمی فیصلہ نہیں کرتا ان کو انتخابی نشان بھی الاٹ نہ کیا جائے چونکہ حافظ طاہر اشرفی 62/63پر بھی پورا نہیں اترتے چونکہ یہ برطانوی پاسپورٹ بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے ہمیں معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان علماء کونسل کی رجسٹریشن منسوخ کردی ہے۔ پاکستان علماء کونسل کی لیگل کمیٹی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے رولز کے مطابق اس مسئلے کو دیکھ رہی ہے اوراس حوا لے سے پاکستان علماء کونسل تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن