سابق دور حکومت میں لئے گئے نوے فیصد غیرملکی قرضوں کا حساب نہیں: سری لنکن صدر
کولمبو(این این آئی)سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے کہا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں لیے گئے 58 ارب ڈالر کے قرضوں کا کوئی حساب کتاب وزارت خزانہ کے پاس نہیں،ادھر سری لنکا کے مرکزی بینک نے کہاہے کہ گزشتہ برس ستمبر تک سری لنکا کے ذمے دس کھرب روپے سے زائد کا قرض واجب الادا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 2015ایک بیان میں سری لنکن صدرنے کہاکہ میرے برسراقتدار آنے سے قبل سری لنکا پر راجا پاکشے نے ایک طویل عرصے تک حکومت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے دور میں لیا گیا بہت سا قرض جسے سرکاری خزانے میں جمع ہونا تھا، متعدد نجی کمپنیوں کو منتقل ہوا۔سری سینا نے اپنی انتخابی مہم میں ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا۔ادھر سری لنکا کے مرکزی بینک نے ایک بیان میں کہاکہ گزشتہ برس ستمبر تک سری لنکا کے ذمے دس کھرب روپے سے زائد کا قرض واجب الادا تھا۔