جمعیت پر تعصب کا الزام ناانصافی اور قابل مذمت ہے: امیر العظیم
لاہور (سپیشل رپورٹر) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب کے راہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیت پر تعصب کا الزام سراسر انصافی اور قابل مذمت ہے۔سینیٹ میں لسانی تعصبات کو ہوا دینا قومی یکجہتی سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ ایوان بالا میں جامعہ پنجاب کے متعلق کی گئی گفتگو تعصب پر مبنی ہے اور حقائق کے سراسر منافی ہے۔ وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا صوبائی وزیر تعلیم اور وی سی سے مل کر شرپسند عناصر کے لیے رعایت مانگنا قابل تشویش ہے، پنجاب حکومت یونیورسٹی کے معاملات میں دخل اندازی بند کرے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سینیٹ کی ایک فل ہائوس کمیٹی بنائی جائے جس میں اعتزاز احسن اور عثمان کاکڑ بھی شامل ہوں جو یونیورسٹی آکر تمام حالات کا غیر جانبداری سے جائزہ لے۔ حکومتی دبائو ختم ہوجائے تو یونیورسٹی کے حالات خود بخود ٹھیک ہوجائیں گے۔