وزیراعظم‘ مریم اورنگزیب کی گورنر سندھ سے ملاقاتیں‘ جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے‘ وزیرمملکت
کراچی (سٹاف رپورٹر+ آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے گورنرسندھ محمد زبیر نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال ، وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، وزیرمملکت برائے پٹرولیم جام کمال، وزیراعظم کے معاون خصوصی مصدق ملک موجود تھے۔ ملاقات میں سندھ میں امن وامان کی صورتحال وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا وفاقی حکومت کراچی سمیت صوبہ بھرمیں امن وامان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مکمل تعاون کرے گی۔ آن لائن کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر نے مریم اورنگزیب‘ مصدق ملک سے ملاقات کے موقع پر کہا امن و امان کے قیام میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔ معاشرتی برائیوں کی نشاندہی میں میڈیا اہم خدمت انجام دے رہا ہے۔ ملاقات میں اظہار رائے، آزادی صحافت ، عوامی فلاح بہبود کے منصوبوں کی تشہیر ، معاشی خوشحالی میں میڈیا کے کردار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنرسندھ نے کہا صوبہ میں وفاق کے تعاون سے تشکیل دیئے گئے ترقیاتی منصوبے اہم ثابت ہونگے۔ مریم اورنگزیب نے اس موقع پر کہا جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں ۔ صوبہ کی ترقی و خوشحالی وفاق کے وژن کا واضح عکاس ہے ۔ امن و امان اور توانائی بحران کے خاتمہ کے بعد معیشت بھی مستحکم ہو چکی۔ 2013 ء کے وقت مشکلات میں گھری عوام کو 2018 ء میں موجودہ حکومت نے امن و امان ، توانائی اور مستحکم معیشت کے خوبصورت تحفے دیئے ۔